پانی میں پھنسے ہوئے لوگوں کو صحت کی سہولتیں فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، عبدالقیوم سومرو
پارلیمانی سیکریٹری سندھ اسمبلی کا کہنا ہے قمبر شہداد کوٹ ڈسٹرکٹ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اس لیے مختلف علاقوں میں موبائل میڈیکل سروسز دی جارہی ہیں۔
پارلیمانی سیکریٹری سندھ اسمبلی عبدالقیوم سومرو نے کہا ہے کہ پانی میں پھنسے ہوئے لوگوں کو صحت کی بنیادی سہولتیں فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔
ان خیالات کا اظہار پارلیمانی سیکریٹری سندھ اسمبلی عبدالقیوم سومرو نے قمبر شہداد کوٹ کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ان کے ساتھ اسپیشل سیکرٹری صحت سندھ محمد نواز سوہو بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیے
کے پی حکومت کا 300 کالجز میں مفت تعلیم فراہم کرنے کا منصوبہ
بھٹو کے آبائی شہر لاڑکانہ کے سیلاب متاثرین راشن کیلئے اپنے بچے بیچنے لگے
پارلیمانی سیکریٹری سندھ اسمبلی عبدالقیوم سومرو نے ڈی ایچ کیو اسپتال میں مریضوں سے ملاقات کی اور صحت کی سہولتوں سے بابت دریافت کیا۔
بعدازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پارلیمانی سیکریٹری سندھ اسمبلی عبدالقیوم سومرو کا کہنا تھا کہ سندھ میں سیلاب سے وبائی امراض ملیریا اور گیسٹرو میں اضافہ ہورہا ہے ، اور ان کے تدارک کے لیے صحت کی سہولتیں ہنگامی بنیادوں پر دینا ضروری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سرکاری اسپتالوں میں بیماریوں کا علاج موجود ہے ہم کوشش کر رہے ہیں دیہی علاقوں میں جتنے بھی لوگ پانی میں پھنسے ہوئے ہیں ان کو علاج کی سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔
پارلیمانی سیکریٹری سندھ اسمبلی عبدالقیوم سومرو کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں ڈاکٹرز کی کمی ہے ، وہاں ڈاکٹر مقرر کیئے جائیں گے جبکہ قمبر میں ریسکیو 1122 کی طرز کی سہولت اسپتالوں میں فراہم کررہے ہیں۔
پارلیمانی سیکریٹری سندھ اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ قمبر شہداد کوٹ ڈسٹرکٹ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اس لیے مختلف علاقوں میں موبائل میڈیکل سروسز دی جارہی ہیں۔









