روسی صدر کی گیس فراہمی کی پیشکش پر اتحادی حکومت تذبذب کا شکار
روسی صدر ولادی میرپیوٹن نے وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کے دوران پاکستان کو گیس کی فراہمی کی پیشکش کی اور کہا کہ یہ ایک آسان عمل ہوگا کیونکہ ضروری انفرااسٹرکچر پہلے سے موجود ہے تاہم اتحادی حکومت پیشکش پر کوئی جواب نہیں دے پائی اور تاحال تذبذب کا شکار ہے جبکہ پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ نا م نہاد اتحادی حکومت نے مغربی آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے روس سے معاہدے میں تاخیر کی

وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کے دوران روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے پاکستان کو گیس کی فراہمی کی پیشکش کی۔ پیوٹن نے کہا کہ اسلام آباد کو روسی گیس کی فراہمی آسانی سے ممکن ہے کیونکہ انفرااسٹرکچر پہلے سے موجود ہے۔
روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کے دوران کہا تھا کہ پاکستان کو پائپ لائن گیس سپلائی ممکن ہے اور انکشاف کیا کہ گیس کی فراہمی کے لیے ضروری انفرااسٹرکچر پہلے سے موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیے
حکومت کی غیرسنجیدہ پالیسی کے باعث موسم سرما میں گیس و بجلی کے بحران کا اندیشہ
روسی صدر کی جانب سے گیس کی فراہمی کی پیشکش پرتاحال پاکستان نے کوئی ردعمل نہیں دیاتاہم ایندھن کے معاملات پر نظررکھنے والے معاشی ماہرین نے کہا ہے کہ حکومت کو فوری طور پر روس کی پیشکش کا فائدہ اٹھانا چاہیے۔
دوسری جانب سابق وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے روس کی جانب سے گیس فراہمی کی پیشکش پر اپنے رائے دیتے ہوئے کہا کہ روس سے گیس اور تیل وقت پر لے لیتے تو آج جو پاکستان میں مہنگائی کا طوفان ہے وہ نہ ہوتا۔
روس سے گیس اورتیل وقت پر لے لیتے تو آج پاکستان میں مہنگائ کا طوفان جو آج ہے نہ ہوتا،پوٹن نے پاکستان کو پھر انرجی کے شعبے میں تعاون کی پیشکش کی ہے اسے فوری طور پرعملی جامہ پہنانے کی ضرورت ہے،شہباز شریف کی نام نہاد حکومت نے مغربی آقاؤں کوخوش کرنے کیلئے روس سے معاہدہ میں تاخیر کی
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) September 16, 2022
تحریک انصاف کے مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ پیوٹن کی اسلام آباد کو ایندھن کے شعبے میں تعاون کی پیشکش قبول کرتے ہوئے اسے فوری طور پر عملی جامہ پہنچایا جائے تاکہ ملک میں انرجی کرائسس کا خاتمہ ہو سکے ۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے اتحادی حکومت کے سربراہ شہباز شریف کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس نام نہاد حکومت نے مغربی آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے روس سے معاہدے میں تاخیر کی۔









