ڈالر کی اونچی اڑان جاری ، روپے کی قدر میں 1.07 روپے کی کمی ریکارڈ
گزشتہ ہفتے انٹربینک کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے پاکستانی روپے کی قدر میں 8 روپے 66 پیسے کمی واقع ہوئی تھی۔

کاروباری ہفتے کے پہلے روز بھی انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری رہا تو دن کے اختتام پر امریکی ڈالر لگاتار بارہویں سیشن میں پاکستانی روپے کے مقابلے 1.07 روپے مزید مضبوط ہوگیا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب جاری ہونے والے بیان کے مطابق ڈالر 1.07 روپے اضافے سے انٹربینک میں 237 روپے 91 پیسے پر بند ہوا۔
یہ بھی پڑھیے
17 ستمبر بھی گزر گیا تیل کی قیمتوں پر نظرثانی نہ ہوسکی
ہفتہ وار مہنگائی میں معمولی کمی ، شرح 41.81 پر آ گئی
دن کے آغاز پر انٹربینک میں ڈالر 238 روپے 41 پیسے پر بھی فروخت ہوا تھا۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایف اے پی) کے بیان کے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے روز اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر 242 سے 245 روپے میں ٹریڈ ہورہا تھا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے پاکستان کو 1.16 بلین امریکی ڈالر کے قرض کی قسط موصول ہونے کی تصدیق کے باوجود پاکستانی روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ہفتے انٹربینک کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے پاکستانی روپے کی قدر میں 8 روپے 66 پیسے کمی واقع ہوئی تھی۔
گزشتہ ہفتے کی رپورٹ کے مطابق ، کاروباری ہفتے کے آغاز پر ڈالر کی انٹربینک میں ڈالر 228 روپے 18 پیسے کا تھا تاہم ہفتے کے اختتام پر مقامی کرنسی کے مقابلے میں گرین بیک 236.84 روپے پر بند ہوا تھا۔
اسی طرح اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کاروباری ہفتے کے آغاز 234 روپے 50 پیسے کا تھا تاہم پورے ہفتے میں 6 روپے 50 پیسے اضافے سے 241 روپے پر بند ہوا تھا۔









