عمران خان نے اسمبلی میں واپسی کو امریکی خط کی تحقیقات سے مشروط کردیا
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان سے امریکی سائفرکی تحقیقات کی درخواست کی ہے، اعلیٰ عدلیہ تحقیقات کرتی ہے تو ہم ایوان زیریں میں واپس آسکتے ہیں،انہوں نے اپنے دور حکومت کی غلطیاں دوبارہ نہ د ہرانے کا عزم بھی ظاہر کیا
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے قومی اسمبلی میں واپسی کو امریکی خط کی سپریم کورٹ سے تحقیقات سے مشروط کردیا ہے ۔
اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس پاکستان سے امریکی سائفر کی تحقیقات کی درخواست کی ہے ۔ سپریم کورٹ امریکی سائفر کی تحقیقات کرے تو قومی اسمبلی میں واپس آسکتے ہیں ۔
یہ بھی پڑھیے
شہباز گل نے عمران خان سے علیحدگی کی تمام خبروں کو غلط ثابت کردیا
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اسٹیبلشمنٹ ایک حقیقت ہے۔ حکومت اوراسٹیبلشمنٹ کے تعلقات نہ ہوں تو حکومت کمزور ہوتی ہے۔ ہمارے پہلے اسٹیبلشمنٹ سے اچھے تعلقات تھے مگر پتہ نہیں یہ کیسے خراب ہوگئے ۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان نے کہا کہ ہم اپوزیشن میں ہیں اور حزب اختلاف میں رہتے ہوئے اسٹیبلشمنٹ سے کیسے تعلقات ہوسکتے ہیں تاہم حکومت کو اسٹیبلشمنٹ کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔
پی ٹی آئی چیف نے کہا کہ خطے میں سب کے ساتھ ملکی مفاد کے تحت تعلقات چاہتے ہیں تاہم بھارت کی برتری اور اسرائیل کو تسلیم کرنے کی پالیسی قبول نہیں ہوسکتی ہے۔ مودی پاکستان کو توڑنے کے ارادے رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کے ساتھ تعلقات ملکی مفادات کے تحت رکھنا چاہتے ہیں۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ شہباز شریف کی تقریر ملک کے دیوالیہ ہونے کا اعلان ہے۔ شہباز شریف اور مفتاح اسماعیل نے ملک کا بیڑہ غرق کردیا ہے ۔
عمران خان نے صحافیوں سے گفتگو میں اتحادی حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت معیشت کو ایسے مقام پر لے آئی کہ دوا کی بجائے سرجری کی ضرورت ہے جبکہ مفتاح کینسر کا علاج ڈسپرین سے کررہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی ترجیحات معیشت نہیں بلکہ اپنے کرپشن کیسز ختم کرانا ہے۔ موجودہ حکومت نے نیب کے گیارہ سو ارب روپے کے مقدمات ختم کرائے ہیں
انہوں نے بتایا کہ نیب کا کیس ختم ہوتے ہی اسحاق ڈار وطن واپس آنے کو تیار ہیں جبکہ اسحاق ڈار کے بعد نوازشریف بھی وطن واپس آنے کی تیاری کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ملی تو ماضی کی غلطیاں نہیں دہرائیں گے۔ تحریک انصاف پہلی بار حکومت میں آئی تھی اس لیے غلطیاں ہوئیں معیشت اور اداروں کو مستحکم بنانے کیلئے جامع منصوبہ بندی کررہے ہیں۔
سربراہ پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ عوام کو مہنگائی سے فوری بچایا جائے گا۔ سمندر پار پاکستانیوں کو راوی اربن اور بنڈل آئی لینڈ میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے مواقع دیئے جائیں گے جس سے ملک دیوالیہ ہونے سے بچ جائے گا۔