وڈیروں نے اپنی زمینیں بچانے کیلئے ہمیں سیلاب میں ڈوبا دیا، قاضی احمد کے مکینوں کا نوحہ

سندھ کی تحصیل قاضی احمد کی یونین کاؤنسل مرزا باغ کی خاصخیلی برادری نے الزام عائد کیا ہے کہ علاقائی  وڈیروں نے  اپنی زمینیں بچانے کیلئے  ہم غریبوں کو جان بوجھ کر سیلابی پانی کی نظر کردیا جبکہ ہمارا حال بھی نہیں پوچھا جا رہا ہے

سندھ کی تحصیل قاضی احمد کی یونین کاؤنسل مرزاباغ کے  مختلف گاؤں کے رہائشیوں نے سیلابی پانی کی نکاسی نہ ہونے پرحکومت سندھ کے خلاف احتجاج کیا۔ اس موقع پر منتخب ارکان اسمبلی کے خلاف سخت نعرے بازی بھی کی گئی۔

تحصیل قاضی احمد کی یونیں کاؤنسل مرزاباغ کی خاصخیلی برادری نےعلاقے سے سیلابی پانی کی نکاسی نہ ہونے پرحکومت سندھ کے خلاف احتجاج کیا۔ عوام نے اپنے منتخب نمائندوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔

یہ بھی پڑھیے

لاڑکانہ میں بدترین سیلاب میں زندہ بچنے والی لڑکی سانپ کے کاٹنے سے مرگئی

خاصخیلی برادری کے رہنماؤں غلام مصطفی خاصخیلی، غلام نبی شمن خاصخیلی، قادربخش اور ممتاز خاصخیلی نے کہا کہ حکومت نے ہمیں مکمل نظرانداز کیا ہوا ہے۔ علاقے میں سیلابی پانی تاحال کھڑا ہے جبکہ اس کی نکاسی نہیں کی جا رہی ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ  علاقے کے با اثر افراد نے  اپنی زمینیں بچانے کیلئے  ہم غریبوں کو   جان بوجھ کر سیلابی پانی کی نظر کردیا ۔سیلاب کی وجہ سے ہمارے گھر اور کھڑی فصلیں مکمل تباہ ہوگئیں  جبکہ مویشی بھی مر گئے ۔

احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہمارے پورے پورے گاؤ ں اور گوٹھ  پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں جبکہ ہمارے ہی ووٹ سے منتخب ہوکر اسمبلی میں  جانے والے ہمارے نمائندے اب تک ہمارا حال پوچھنے تک نہیں آئے ۔

انہوں نے بتایا کہ یونین کونسل کے چیئرمین دکھاوے کیلئے ہمارے شناختی کارڈ جمع کرکے لاگئے تاہم اب تک کوئی امداد بھی نہیں دی گئی جبکہ اس حوالے سے ان سے پوچھا گیا تو ہمیں کہا گیا کہ آپ کا نام فہرست میں نہیں ہے ۔

تحصیل قاضی احمد کے رہائشیوں نے حکومت سندھ، چیئرمین پیپلز پرٹی، آصف زرداری اور دیگر اعلیٰ عہدیداران سے مطالبہ کیا ہے کہ ہم بھی انسان ہیں۔ ہمیں بھی زندہ رہنے کا حق دیا جائے ۔

متعلقہ تحاریر