اپنے ہی وزیر خزانہ اور بھتیجی نے وزیراعظم پر عدم اعتماد کردیا
اسحاق ڈار اور مریم نواز نے گذشتہ روز گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار میاں نواز شریف ہوں گے۔

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل ن) کی نائب صدر مریم نواز اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی پر عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آئندہ عام انتخابات میں ن لیگ کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہوں گے ، سوال یہ اٹھتا ہے کہ کیا ن لیگ کی سینئر قیادت نے شہباز شریف پر عدم اعتماد کردیا ہے۔
گزشتہ روز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی واپسی کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور ہوگئیں ہیں، اب صرف عدالت میں درخواست دائر کرنے کی بات ہے۔
یہ بھی پڑھیے
سابق صدر آصف علی زرداری شدید علیل، ڈاکٹرز کا بیرون ملک علاج کا مشورہ
لانگ مارچ اسلام آباد نہیں آئے گا: آرٹیکل 245 کے تحت فوج تعینات کی جائے گی
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی واپسی کا راستہ اب واضح ہے۔ انہوں نے صرف عدالت میں درخواست دائر کرنی ہے۔”
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور ہائی کورٹ (LHC) سے پاسپورٹ حاصل کرنے کے بعد پارٹی کے ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ ان کے ہمراہ وفاقی وزراء خرم دستگیر، مریم اورنگزیب، سینئر پارٹی رہنما پرویز رشید اور ایڈووکیٹ نصیر بھٹہ بھی تھے۔
ایک سوال کے جواب میں مریم نے کہا کہ جس کیس میں انہیں بری کیا گیا ہے اس میں بھی نواز شریف کی بے گناہی ثابت ہو چکی ہے۔
اسی طرح گذشتہ رات دنیا نیوز کے پروگرام اینکر پرسن کامران شاہد کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف واپس آئیں گے اور آئندہ مسلم لیگ ن کی جانب سے وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہوں گے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کی تاحیات نااہلی دنیا کے کسی بھی بیرومیٹر پر پوری نہیں اترتی ہے۔ کسی کے خلاف ذاتی نوعیت کے فیصلے نہیں ہونے چاہئیں۔
اینکر پرسن کامران شاہد کے سوال کے جواب میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا یہ میاں شہباز شریف کی بھی دلی خواہش ہے کہ میاں نواز شریف واپس آئیں اور پارٹی کو لیڈ کریں اور شہباز شریف یہ بھی چاہتے ہیں کہ بڑے میاں صاحب اگلے الیکشن میں ن لیگ کی جانب سے وزیراعظم کے امیدوار بھی ہوں۔
وزیر خزانہ نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے یہ میاں شہباز شریف کی خواہش ہے کہ میاں نواز شریف مسلم لیگ ن کی جانب سے وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہوں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور اسحاق ڈار کی گفتگو سے صاف واضح ہے کہ انہوں نے ان ڈائریکٹ یا ڈائریکٹ شہباز شریف پر عدم اعتماد کردیا ہے کہ ان سے مرکز میں حکومت سنبھالی نہیں جارہی اس لیے اگلے عام انتخابات کے بعد نواز شریف وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہوں گے۔
تجزیہ کاروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ میاں نواز شریف کا شہباز اسپیڈ ماڈل وفاق میں ناکام ہوگیا ہے۔









