ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز لندن روانہ ہوگئیں

شریف خاندان سے وابستہ ذرائع نے بتایا کہ مریم اپنے والد نواز شریف کے ساتھ پاکستان واپس آئیں گی۔

لاہور ہائی کورٹ سے پاسپورٹ ملنے کے ایک دن بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اپنے والد اور پارٹی کے قائد میاں نواز شریف سے ملاقات کے لیے لندن روانہ ہوگئیں۔

ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز بدھ کی صبح اپنی رہائش گاہ جاتی امراء سے لاہور ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہوئیں۔ وہ قطر ایئرویز کی پرواز QR-629 پر دوحہ کے راستے لندن کے لیے جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیے

فوج سیاست سے دور ہوچکی اور دور ہی رہنا چاہتی ہے،2ماہ بعد ریٹائر ہوجاؤں گا، آرمی چیف

سابق صدر آصف علی زرداری شدید علیل، ڈاکٹرز کا بیرون ملک علاج کا مشورہ

لندن پہنچنے پر مریم نواز اپنے والد سے تین سال بعد ملاقات کریں گی۔ وہ اپنے والد کی صحت کے بارے میں مکمل تفصیلات حاصل کریں گے۔

میڈیا اطلاعات کے مطابق مریم نواز کے کچھ سرجری کے ایشوز ہیں ، اس سے متعلق بھی وہ اپنا علاج کرائیں گی۔

لندن روانگی سے قبل مقامی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ اپنے والد نواز شریف سے ملنے کے لیے بے چین ہیں۔

خبروں کے مطابق مریم نواز کا لندن میں قیام دو ہفتے سے ایک ماہ تک طویل ہوسکتا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر کو گزشتہ 3 اکتوبر کو لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے قومی احتساب بیورو (نیب) کو ان کی سفری دستاویز واپس کرنے کا حکم دینے کے بعد ان کا پاسپورٹ موصول ہوا تھا۔

مریم نے 2019 میں کرپشن ریفرنس میں ضمانت ملنے کے بعد اپنا پاسپورٹ لاہور ہائی کورٹ میں جمع کرایا تھا۔

شریف خاندان سے وابستہ ذرائع نے بتایا کہ مریم اپنے والد نواز شریف کے ساتھ پاکستان واپس آئیں گی۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ لندن قیام کے دوران ان کا میڈیکل چیک اپ کروایا جائے گا۔

مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے انسداد بدعنوانی کے ادارے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف کوئی چارج شیٹ یا مقدمے کی عدم موجودگی کے باوجود وہ چار سال سے اپنے بنیادی حقوق کا استعمال نہیں کر سکیں۔

منگل کے روز مریم نواز لاہور ہائی کورٹ کے احاطے میں قائم رجسٹرار کے آفس پہنچی تھیں جہاں سے انہوں نے اپنا پاسپورٹ حاصل کیا تھا۔

رجسٹرار آفس سے واپس پر انہوں نے رستے میں ایک ہوٹل پر رُک کر دال چاول بھی کھائے تھے۔

متعلقہ تحاریر