اینٹی کرپشن راولپنڈی کی عدالت کا رانا ثناء اللہ کو فوری گرفتار کرنے کا حکم
سول جج اینٹی کرپشن غلام اکبر نے وفاقی وزیر داخلہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پہلے ہی جاری کررکھے ہیں۔
اینٹی کرپشن راولپنڈی کی عدالت نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو فوری گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
سول جج اینٹی کرپشن راولپنڈی غلام اکبر نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پہلے ہی جاری کر رکھے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
پی ٹی آئی کا ایف آئی اے کو تحقیقات سے روکنے سے ہائی کورٹ سے رجوع
رہنما ایم کیو ایم (پی) کامران ٹیسوری کو گورنر سندھ تعینات کردیا گیا
اینٹی کرپشن راولپنڈی کی عدالت میں رانا ثناء اللہ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔
سول جج غلام اکبر کا کہنا تھا ہم نے وارنٹ گرفتاری پہلے ہی جاری کررکھے ہیں ، تاہم ان کو اشتہاری قرار نہیں دیا جاسکتا ہے۔
محکمہ اینٹی کرپشن نے سول جج کی عدالت میں درخواست دی تھی کہ رانا ثناء اللہ کو اشتہاری قرار دیا جائے تاہم عدالت نے ان کی یہ درخواست مسترد کردی ہے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ کے خلاف چکوال کے قریب ہاؤسنگ سوسائٹیز میں مبینہ کرپشن پر 2019 میں کرپشن کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
محکمہ اینٹی کرپشن کے حکام نے رانا ثناء اللہ کو گرفتار کرنے کے لیے گزشتہ روز اسلام آباد کے تھانہ کوہسار سے رجوع کیا تھا ، تاہم کوہسار تھانے کے حکام کا کہنا تھا کہ یہ مقدمہ راولپنڈی کی حدود میں درج کیا گیا تھا اس لیے اسلام آباد سے رانا ثناء اللہ کی گرفتاری ممکن نہیں۔
عدالت کی جانب سے رانا ثناء اللہ کو اشتہاری قرار دینے کی استدعا مسترد ہونے کے بعد اینٹی کرپشن کے حکام ، وزیر داخلہ کی گرفتاری کے لیے اسلام آباد روانہ ہو گئے ہیں۔









