کامران ٹیسوری کے گورنر بنتے ہی ایم کیو ایم میں اختلافات کی دراڑیں نمایاں ہو گئیں
متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما شہباب امام نے پارٹی سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو جوائن کرلیا ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) میں سابق ایم کیو ایم رہنما کامران خان ٹیسوری کی واپسی سے جو چہ میگوئیاں ہو رہی تھی اب ان کے گورنر بننے کے بعد پھوٹ میں تبدیل ہو گئیں ہیں، اور اس کی پہلی شہاب امام کی پارٹی سے علیحدگی ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے گورنر سندھ کی تعیناتی کےلیے 5 ناموں کی فہرست وفاقی حکومت کو ارسال کی تھی ، تاہم وزیراعظم شہباز شریف نے ان تمام ناموں کو پس پشت ڈالتے ہوئے ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم (پی) کامران ٹیسوری کے نام کی سمری بطور گورنر سندھ کے لیے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ارسال کردی تھی۔
یہ بھی پڑھیے
آڈیو لیکس: سربراہ تحریک انصاف عمران خان کا عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ
تحریک انصاف کی رہنما آمنہ بدر نے وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کو اپنا چچا قرار دیدیا
گذشتہ روز صدر مملکت نے وزیراعظم کی سمری کا منظور کرتے ہوئے کامران خان ٹیسوری کو گورنر سندھ تعینات کردیا تھا۔
10 ستمبر 2022 کو کامران خان ٹیسوری متحدہ قومی موومنٹ کے بہادر آباد دفتر تشریف لائے اور رابطہ کمیٹی کے اہم اراکین سے ملاقات کی اور پارٹی میں دوبارہ شمولیت کا اعلان کیا ، اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے سات ارکان نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی سرگرمیوں سے دور رہنے کا عندیہ دے دیا۔
ایم کیو ایم (پاکستان) کی رابطہ کمیٹی میں پہلی بار اختلاف اس وقت کھل کر سامنے آئے تھے جب 2018 میں اس کے وقت کے سربراہ ایم کیو ایم فاروق ستار کی جانب سے کامران خان ٹیسوری کو سینیٹر بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
تازہ ترین پیش رفت کی بات کی جائے تو متحدہ قومی موومنٹ (پی) کے سینئر رہنما اور قانون دان شہاب امام نے آج باقاعدہ پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے، جبکہ اطلاعات یہ ہیں انہوں نے پی ٹی آئی کو گذشتہ ہفتے ہی جوائن کرلیا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ” ایم کیو ایم کے سینئر رہنما اور قانون دان شہاب امام کو پی ٹی آئی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ پرسوں MQM کے ڈاکٹرز ونگ نے PTI میں شمولیت اختیار کی۔ سندھ سے سیاسی، سماجی اور کاروباری افراد PTI کو جوائن کر رہے۔ سندھ میں اگلی حکومت تحریک انصاف بنائے گی۔”
شہباب امام کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر علی حیدر زیدی کا کہنا تھا کہ "اللہ کے فضل سے سندھ سے سیاسی ، سماجی اور دیگر افراد پی ٹی آئی کو جوائن کررہے ہیں ، مجھے خوشی ہے کہ آج ہم شہاب امام صاحب کو اپنی پارٹی میں خوش آمدید کہہ رہے ہیں۔”
شہاب امام کا تعارف کراتے ہوئے علی زیدی کا کہنا تھا کہ "شہاب امام صاحب نے 13 سال قبل بیوروکریسی سے ریٹائرمنٹ لی تھی ، اس کے بعد اپنی لیگل پریکٹس کرتے رہے ، اس سے قبل ان کا تعلق ایم کیو ایم سے تھا ، پچھلے ڈاکٹرز کی بھی ایک ٹیم نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تھی ، ہم امید کرتے ہیں کہ شہاب امام صاحب کے آنے سے ہماری پارٹی کو بڑا فائدہ ہو گا۔”