3مالیاتی ادارے سیلاب کے پیش نظر پاکستان کو 4 ارب ڈالر دیں گے

تین بین الاقوامی مالیاتی ادارے سیلاب سے پیدا ہونے والے معاشی مسائل سے نمٹنے کیلیے پاکستان کو 4 ارب ڈالر فراہم کریں گے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق ورلڈ بینک سے 1تا2ارب ڈالرز ،ایشیائی ترقیاتی بینک سے ڈیڑھ ارب اورایشین انفرا اسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک سے 50کروڑ ڈالرز ملنے کی توقع ہے ۔
مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کا اجلاس25اکتوبر کو ہوگا ،جس میں پاکستان کیلئے ڈیڑھ ارب ڈالرز کے قرض کی ممکنہ طور پر منظوری دی جائیگی۔
یہ بھی پڑھیے
اسٹیٹ بینک کا شرح سود 15 فیصد تک برقرار رکھنے کا فیصلہ
وزیر خزانہ کا قرضوں کی ری شیڈولنگ کے لئے پیرس کلب نہ جانے کا عندیہ
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں بیرونی قرضوں کی مد میں4ارب ڈالرز کی ادائیگی کی،حکومت کی جانب سے محض اکتوبر میں اب تک بیرونی قرضوں کی مد میں60کروڑ ڈالرز ادا کئے جاچکے ہیں۔
اسٹیٹ بینک نے روپے کی قدر میں بہتری کیلئے مصنوعی طور پر ڈالرز فروخت کئے جانے کے امر کی تردید کرتے ہوئے سخت اقدامات کو روپے کی مضبوطی کی وجہ قرار دیا ہے۔ ۔
اسٹیٹ بینک کا کہناہے کہ جاری کھاتوں کا خسارہ گزشتہ جائزے کے مطابق مجموعی قومی آمدن کے 3فیصد تک رہنے کی توقع ہے جبکہ مہنگائی کی شرح 18تا20فیصد کے درمیان رہنے کے امکانات ہیں۔









