پی ٹی آئی نے آصف زرداری کے خلاف نااہلی ریفرنس دائر کر دیا
رہنما تحریک انصاف زلفی بخاری اور افتخار درانی کی جانب سے دائر کئے گئے ریفرنس میں توشہ خانہ سے غیرقانونی طور پر قیمتی گاڑیاں حاصل کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما زلفی بخاری اور افتخار درانی نے رکن قومی اسمبلی اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی نااہلی کے لیے ریفرنس دائر کردیا ہے۔
منگل کے روز کوچیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کے خلاف پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے توشہ خانہ سے قوائد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اشیاء حاصل کرنے پر نااہلی کا ریفرنس دائر کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
منسٹر فار سسٹم سے گندی زبان کے ایک ایک لفظ کا حساب لیں گے، حلیم عادل شیخ
آڈیو لیکس پر عمران خان کا عدالت جانے کا اعلان، رانا ثناء اللہ کا ملزمان کو پکڑنے کا دعویٰ
زلفی بخاری اور افتخار درانی کی جانب سے نااہلی ریفرنس قومی اسمبلی کے سیکریٹریٹ میں جمع کرایا گیا ہے۔
ریفرنس دائر کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری نے کہا کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے توشہ خانہ سے غیر قانونی طور پر گاڑیوں کے حصول میں سہولت فراہم کرنے کے لیے متعلقہ قوانین میں نرمی کی۔
انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری توشہ خانہ سے 3 گاڑیاں لینا چاہتے تھے اور اس کی اجازت فروری 2009 میں سابق وزیراعظم گیلانی نے دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کے خلاف ریفرنس وکلاء سے مشاورت کے بعد اور تمام ضروری شواہد اور مشمولات کو دیکھ کر تیار کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما افتخار درانی نے عمران خان کو پاکستان کا سب سے بڑا لیڈر قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں (عمران خان) نے کبھی کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی، اور ہر کام متعلقہ قوانین کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کیا۔
یاد رہے کہ ستمبر 2020 میں احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری سمیت سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی پر فرد جرم عائد کی تھی۔
ان پر قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب دائر کیے گئے ریفرنسز میں مختلف غیر ملکی ریاستوں اور معززین کی جانب سے تحفے میں دی گئی مہنگی گاڑیوں کو توشہ خانہ میں جمع کرنے کے بجائے غیر قانونی طور پر اپنے پاس رکھنے کا الزام لگایا گیا تھا۔
تاہم نیب کی جانب سے عائد کیے گئے فرد جرم پر آصف علی زرداری نے ضمانت کروا لی تھی۔