ہاشم ڈوگر کا استعفیٰ: عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سے اختلافات مہنگے پڑ گئے

وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو جمع کرائے گئے اپنے استعفے میں ہاشم ڈوگر نے عہدہ چھوڑنے کے لیے ناگزیر حالات اور ذاتی وجوہات کا حوالہ دیا۔

پنجاب کے وزیر داخلہ کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے ذاتی وجوہات کی بنا پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے ، تاہم چہ میگوئیاں یہ ہیں کہ انہوں نے عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سے اختلافات کی بنا پر استعفیٰ دیا ہے ، جبکہ اینکر پرسن غریدہ فاروقی نے کہا ہے کہ ہاشم ڈوگر نے استعفیٰ فوج کے خلاف استعمال نہ ہونے کی بنا پر دیا ہے، تاہم کسی سینئر صحافی کو یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ ہر معاملے کو فوج کے ساتھ جوڑے۔

کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے گذشتہ روز اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا اور استعفے کی کاپی اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ "آج میں نے ذاتی وجوہات کی بنا پہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔ انشاءللہ آگے بھی پی ٹی آئی کے ادنیٰ کارکن کے طور پہ کام کرتا رہوں گا۔”

یہ بھی پڑھیے

کیا لیگی نائب صدر مریم نواز عمران خان فوبیا کا شکار ہوگئیں؟

منسٹر فار سسٹم سے گندی زبان کے ایک ایک لفظ کا حساب لیں گے، حلیم عادل شیخ

وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو جمع کرائے گئے اپنے استعفے میں ہاشم ڈوگر نے عہدہ چھوڑنے کے لیے ناگزیر حالات اور ذاتی وجوہات کا حوالہ دیا۔

واضح رہے کہ ہاشم ڈوگر کا استعفیٰ اس وقت سامنے آیا جب پاکستان تحریک انصاف لانگ مارچ کرنے جارہی ہے اور اس سلسلے میں لوگوں سے لانگ مارچ میں شرکت کے لیے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ملک کے ہر چھوٹے بڑے شہر میں جلسے کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے کہا تھا کہ "پنجاب حکومت یا پنجاب پولیس عمران خان کے لانگ مارچ میں استعمال نہیں ہوگی کیونکہ یہ ایک خالص سیاسی  مسئلہ ہے۔ تاہم انہوں نے کہا تھا کہ ہم لانگ مارچ کے شرکاء کو تحفظ فراہم کریں گے۔

بعدازاں "اردو نیوز” سے گفتگو کرتےہوئے سابق وزیر داخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر نے کہا تھا کہ ” لانگ مارچ کے دوران ہم پولیس کو یہ نہیں کہیں گے کہ وہ آگے جاکر راستوں میں رکھے کنٹینر ہٹائے، نہ پنجاب پولیس کو کہیں گے کہ آگے جاکر اسلام آباد پولیس سے لڑائی کرے۔”

کرنل (ر) ہاشم ڈوگر کے استعفے پر تبصرہ کرتے ہوئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے سینئر صحافی اور اینکر پرسن غریدہ فاروقی نے اپنے ذرائع سے لکھا ہے کہ ” کرنل ریٹائرڈ ہاشم ڈوگر کے وزارت داخلہ پنجاب کے عہدے سے استعفے کیوجہ یہ بتائی جا رہی ہے کہ عمران خان کا اپنے فالورز کو پاک فوج اور حساس اداروں کے خلاف تیار کروانے کا ایجنڈا کرنل ہاشم ڈوگر تک پہنچا اور بحثیت وزیر داخلہ پنجاب وہ اپنی مسلح افواج کے خلاف کسی صورت اپنے ادارے کو استعمال نہیں کر سکتے اور نہ ہی اس قسم کے کسی حکم کو سننا گوارا کر سکتے ہیں جس میں اپنے ماتحت قانون نافذ کرنے والے ادارے کو پاکستان کی مسلح افواج کے خلاف استعمال کیا جا سکے۔”

نیوز 360 کے ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آج لاہور پہنچ رہے ہیں جہاں وہ پارٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کریں گے اور نئے وزیر داخلہ پنجاب کا فل الفور انتخاب کریں گے۔

ذرائع نے نیوز 360 کو بتایا ہے کہ پنجاب کے نئے وزیر داخلہ کے لیے میاں اسلم اقبال اور عمر سرفراز چیمہ کے نام شارٹ لسٹ کیے گئے ہیں۔

متعلقہ تحاریر