اعظم سواتی کی میڈیکل رپورٹ پر پرانی تاریخ نے حکومت کا بھانڈا پھوڑ دیا

پمز اسپتال کی جاری کردہ اعظم سواتی کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ پر17اگست کی تاریخ درج تھی جس دن ڈاکٹر شہبازگل کے طبی معائنے کی رپورٹ جاری کی گئی تھی۔اینکر پرسن غریدہ فاروقی تاریخ دیکھے بغیر رپورٹ شیئر کردی، شیریں مزاری ودیگر کی تنقید کے بعد اسپتال انتظامیہ تاریخ درسٹ کردی

آرمی چیف اور اداروں کیخلاف ٹوئٹ کرنے کے جرم میں گرفتار  تحریک انصاف کےرہنما سینیٹر اعظم سواتی کی میڈیکل رپورٹ نے نیا پنڈورا بکس کھول دیا۔

ناقدین نے حکومت پر شہبازگل کی میڈیکل رپورٹ پر سینیٹر اعظم سواتی کا نام لکھ کر جاری کرنے کا الزام عائد کردیا کیونکہ  پمز اسپتال کی جاری کردہ اعظم سواتی کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ پر17اگست کی تاریخ درج تھی جس دن ڈاکٹر شہبازگل کے طبی معائنے کی رپورٹ جاری کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

سینیٹر اعظم سواتی آرمی چیف او ر اداروں کیخلاف متنازع ٹوئٹس پر گرفتار

کرپٹ ہوتا تو نواز شریف کی طرح دم دبا کر بھاگ جاتا، عمران خان

تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر اعظم سواتی کو ایف آئی اے نے آرمی چیف اور اداروں کیخلاف ٹوئٹ کرنے کے جرم میں  بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ان کے گھر سے حراست میں لیا تھا بعد ازاں گزشتہ روز انہیں اسلام آباد کی مقامی  عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں عدالت نے ان کا 2روز جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں 2 دن بعد میڈیکل رپورٹ کے ساتھ پیش کرنے کاحکم دیا تھا۔

 واضح رہے کہ بدھ کو ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی بریت کے بعد سینیٹر اعظم سواتی نے 2 ٹوئٹس میں آرمی چیف اور اداروں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

اسلام آباد میں سیشن کورٹ کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ” مجھے قانون شکنی، آئین یا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی پر نہیں بلکہ جنرل باجوہ کا نام لینے پر گرفتار کیا گیا ہے“۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ انہیں کس نے گرفتار کیا تو انہوں نے کہا کہ گرفتار ایف آئی اے نے کیا ہے لیکن بے لباس کرکے تشدد کا نشانہ ایجنسیوں نے بنایا ہے۔

بعدازاں ایف آئی اے حکام نے عدالتی حکم پر سینیٹر اعظم سواتی کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال منتقل کیا جہاں طبی معائنے کے بعد ان کی میڈیکل رپورٹ جاری کی گئی تھی جس میں انہیں مکمل صحت یاب قرار دیا گیا تھا تاہم اس رپورٹ پر17 اگست 2022 کی تاریخ درج تھی۔جس روز تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی میڈیکل رپورٹ جاری کی گئی تھی۔

اینکرپرسن غریدہ فاروقی نے بھی غلطی کو نظر انداز کیے بغیر جلد بازی میں یہ  رپورٹ اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر شیئر کردی۔

اعظم سواتی کی میڈیکل رپورٹ کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے  تحریک انصاف کی رہنما اور سابق وزیرانسانی حقوق شیریں مزاری نے اپنے ٹوئٹ میں لکھاکہ”جب آپ غیر قانونی طور پر گرفتار لوگوں کی جعلی میڈیکل رپورٹس بناتے ہیں تو یہ چھوٹی چھوٹی چیزیں آپ کو بے نقاب کرتی ہیں! سینیٹر اعظم سواتی کی میڈیکل رپورٹ پر تاریخ دیکھیں! جن صحافیوں نے اس رپورٹ کا خیرمقدم کیا، انہیں شاید تاریخ بھی دیکھ لینی چاہیے تھی۔ اعظم سواتی رہا کرو“۔عوامی تنقید کے بعد ہسپتال نے سواتی کی میڈیکل رپورٹ کو درست کیا اور جاری کرنے کی تاریخ تبدیل کر دی۔

متعلقہ تحاریر