گلستان جوہر میں اہلخانہ کے سامنے شہری کو قتل کرنے والے ملزمان گرفتار
ملزمان نے یکم ستمبر کو منور چورنگی کے قریب ذیشان افضل کو مزاحمت پرع قتل کردیا تھا، مرکزی ملزم جونی ڈکیتی کے مقدمے میں ضمانت منسوخ کراکے جیل چلا گیا تھا، شریک ملزم یاسر کی گرفتاری سے بھانڈا پھوٹ گیا، آلہ قتل برآمد، مقتول کی بیوہ نے ملزمان کو شناخت کرلیا۔

کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں یکم ستمبر کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر بیوی بچوں کے سامنے شہری کو قتل کرنے والے 2 ملزموں کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں یکم ستمبر کو لندن سے ڈبل ایم بی اے کرکے آنے والے ذیشان کو بچوں اور اہلیہ کے سامنے قتل کیا گیا تھا۔ قتول ذيشان اپنے 4 سالہ بیٹے کی فرمائش پر اہليہ کے ہمراہ اسے آئسکریم کھلانے لے کر گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
کراچی ڈیفنس میں گھریلو ملازم کی 6سالہ بچی سے زیادتی، ملزم گرفتار
کورنگی فائر بریگیڈ اسٹیشن میں فائرنگ کرکے تین افراد کو قتل کرنے والا ملزم گرفتار
ایس ایس پی انویسٹی گیشن شرقی الطاف حسین نے ایک وڈیو بیان میں بتایا ہے کہ ملزمان جون عرف جونی اور یاسر عرف گوگو اس واردات سے قبل ایک فیملی سے موبائل فون چھین کر آئے تھے۔
ذیشان افضل نامی شہری کو اسٹریٹ کرمنلز نے گلستان جوہر میں فیملی کے ہمراہ آئس کھاتے ہوئے ڈکیتی کے دوران قتل کردیا ایک خوبصورت فیملی عذاب میں گھر گئی چالاک قاتل گرفتار ہوگئے کیونکہ بچاؤ کیلئے ملزم جونی ایک کیس میں ضمانت ختم کراکے جیل چلاگیا تاکہ پولیس سے بچ سکے، خدا کرے انصاف بھی ہو pic.twitter.com/vn44cz7mF5
— Faizullah Khan (@FaizullahSwati) October 13, 2022
واردات کے وقت موٹرسائیکل چلانے والے ملزم یاسر عرف گوگو نے پولیس کو دوران تفتیش بتایا کہ گلستان جوہر میں کامران چورنگی کے قریب راڈو کے اپارٹمنٹ کے سامنے پہنچے تو بلوچ آئسکریم کے سامنے ایک فیملی گاڑی میں بیٹھی ہوئی آئسکریم کھارہی تھی۔
ملزم یاسر کے مطابق اس کے ساتھی جونی نے گاڑی کے آگے موٹرسائیکل روکنے کا کہا اور اتر کر گاڑی کے پاس جاکر ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھے شخص سے چھینا جھپٹی شروع کردی ، اس دوران گاڑی میں بیٹھےشخص نے مزاحمت کی تو ملزم سمجھا کہ وہ پستول چھیننے کی کوشش کررہا ہے جس پر جونی نے گولی چلادی اور ہم وہاں سے بھاگ نکلے۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے بتایا کہ ملزم جونی عادی جرائم پیشہ ہے اور ڈکیتی کے مقدمے میں گرفتار ہوچکا ہے اور ضمانت پر تھا تاہم اس واردات کے بعد ملزم نے خوفزدہ ہوکر ضمانت منسوخ کرالی تھی اور جیل چلاگیا تھا۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ ملزم یاسر کو گرفتار کیا تو اس کی نشاندہی پر جیل میں جاکر ملزم جونی سے تفتیش کی گئی تو اس نے اعتراف جرم کرلیا۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ پولیس نے ملزمان کی نشاندہی پر آلہ قتل برآمد کرلیا ہے اور گزشتہ روز 13 اکتوبر کومقتول کی بیوہ نے عدالت میں ملزمان کی شناخت پریڈ بھی کرلی ہے۔









