بابر اعظم کا آفتاب اقبال کو پہچاننے سے انکار، اینکر بیک فٹ پر چلے گئے
میں ان صاحب کو نہیں جانتا، صحافی کے سوال پربابراعظم کا جواب،آفتاب اقبال سوشل میڈیا کا شدید ردعمل آنے کے بعد بیک فٹ پر چلے گئے اور صفائیاں پیش کرتے ہوئے بابر اعظم کی تعریفوں پر مبنی پورا شو کرڈالا۔

قومی کر کٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے خود پر تنقید کرنے والے سینئر اینکر آفتاب اقبال کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں پہچاننے سے ہی انکار کردیا۔
آفتاب اقبال کپتان بابر اعظم پر تنقید کے بعد سوشل میڈیا کا شدید ردعمل آنے کے بعد بیک فٹ پر چلے گئے اور صفائیاں پیش کرتے ہوئے بابر اعظم کی تعریفوں پر مبنی پورا شو کرڈالا۔
یہ بھی پڑھیے
آفتاب اقبال کو بابر اعظم پر تنقید مہنگی پڑگئی،ٹرولنگ کا سامنا
پاکستان نے کیویز کو 5وکٹوں سے شکست دیکر سہ فریقی ٹی 20 سیریز جیت لی
گزشتہ روز آکلینڈ میں پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی نے بابراعظم سےسوال کرتے ہوئے کہا کہ بابرجب آپ جیتتے ہیں تو سب تعریف کرتے ہیں کہ اچھا کھیلے ہیں، بلاشبہ آپ ورلڈ کلاس کرکٹر ہیں،مگرجب کوئی انیس بیس ہوتا ہے تو بہت سے لوگ تنقید کرتے ہیں، ، پاکستان میں بھی تنقید ہورہی ہے کہ آپ بطور کپتان اچھا نہیں چل رہے ، میں صحافی آفتاب اقبال کی بات کررہا ہوں، یہ کتنا تکلیف دہ ہوتا ہے؟
اس پر جواب دیتے ہوئے بابر اعظم نے کہاکہ ”ویسے، مجھے نہیں معلوم آپ کس کی بات کررہے ہیں،جن کا نام لیا ہےمیں ان کو جانتا بھی نہیں ہوں، دیکھیں یہ چیزیں تو چلتی ہی ہیں، اچھا بھی کریں تو بھی چلتی ہیں اور برے کیلیے تو سب ہی تیار رہتے ہیں،لیکن ان چیزوں سے ہم پریشان نہیں ہوتے،ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ٹیم کو اعتماد دیں اور اتحاد قائم رکھیں،کوشش ہماری یہی ہوتی ہے کہ ہر میچ میں اپنا سو فیصد دیں اور میچ جیتیں، کبھی کبھار ہم مطلوبہ معیار کے مطابق نہیں کھیلتےلیکن اس پر ہم بات چیت کرتے ہیں کہ ہم کہاں غلط تھے، اسے کیسے ٹھیک کرسکتے ہیں“۔
واضح رہے کہ آفتاب اقبال نے انگلینڈ کے ہاتھوں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں قومی ٹیم کی شکست کا ذمے داربابر اعظم کو قرار دیتے ہوئے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔آفتاب اقبال نے بابر اعظم کو انا پرست کپتان قرار دیتے ہوئے انہیں اپنا ہیرو ماننے سے انکار کردیا تھا جس پر آفتاب اقبال کو سوشل میڈیا کے شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
دریں اثنا سوشل میڈیا کی شدید تنقید کے بعد آفتاب اقبال بیک فٹ پر چلے گئے اور وضاحتوں پر مبنی پورا شو کرڈالا۔آفتاب اقبال نے اپنے وضاحتی شو میں نہ صرف بابر اعظم کی تعریفوں کےپُل باندھ بلکہ اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ بھی دکھادی جس انہیں نے اپنے والد ظفر اقبال کو اردو شاعری کا بابر اعظم کہا تھا۔
آفتاب اقبال نےبابر اعظم کا موازنہ سچن ٹنڈولکر سے کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں جاوید میانداد کے بعدبابراعظم کے علاوہ کوئی بلے باز نہیں آیا، خود پر تنقید کرنے والوں کو کرکٹ سے نابلد قرار دیدیا۔









