سندھ حکومت نے پیپلز بس سروس کے کرائے میں 100فیصد اضافہ کردیا
گلشن حدید سے ٹاور تک نئے توسیع شدہ روٹ کا زیادہ سے زیادہ کرایہ 50 روپے سے بڑھا کر 100 روپے کر دیا گیا ہے کیونکہ فاصلہ اب 58 کلومیٹر ہوگیا ہے، کم فاصلے کیلیے 100 روپے کرایہ وصول کرنے کی شکایات

سندھ حکومت نے صوبے میں پیپلز بس سروس (پی بی ایس) کو چلانے اور اسکی دیکھ بھال پر مامور نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این آر ٹی سی) کو کراچی میں بس روٹ کے کرایوں میں 100 فیصد اضافہ کرنے کی اجازت دے دی۔
باخبر ذرائع نے انگریزی روزنامہ ڈان کو بتایا ہے کہ اس سلسلے میں فیصلہ انٹرسٹی روٹس پر کرایوں پر نظرثانی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا، جس میں این آر ٹی سی، سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اور تھرڈ پارٹی کے انجینئرز کی نمائندگی تھی۔
یہ بھی پڑھیے
ٹاور! ٹاور! کراچی کی نئی پیپلز بس سروس میں پرانے طور طریقے جاری
کراچی کی تباہ حال سڑکوں نے پیپلز بس سروس کو ”بریک“ لگادیے
انہوں نے بتایا کہ گلشن حدید سے ٹاور تک نئے توسیع شدہ روٹ کا زیادہ سے زیادہ کرایہ 50 روپے سے بڑھا کر 100 روپے کر دیا گیا ہے کیونکہ فاصلہ اب 58 کلومیٹر ہوگیا ہے۔
یہ روٹ گلشن حدید میں اللہ والی چورنگی سے نکل کر اسٹیل ٹاؤن، پورٹ قاسم چورنگی، منزل پیٹرول پمپ، قائد آباد، ملیر ، ملیر ہالٹ، کالونی گیٹ، ناتھا خان پل، ڈرگ روڈ اسٹیشن سے براستہ پی اے ایف بیس فیصل، لال کوٹھی، کارساز، نرسری، ایف ٹی سی، میٹروپول، کراچی پریس کلب، آرٹس کونسل کراچی، آئی آئی چندریگر روڈ اور سٹی اسٹیشن سے ہوتا ہوا ٹاور پر ختم ہوتا ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ آپریٹر نے روٹ کی مسافت میں اضافے کے بعد تین دن پہلےہی 100 روپے وصول کرنا شروع کر دیا تھا کیونکہ یہ سروس پہلے گلشن حدید سے ملیر کینٹ تک تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے 58 کلومیٹر تک بڑھنے والے روٹ پر بسوں کو چلانا تجارتی طور پر قابل عمل نہیں تھا۔سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی (ایس ایم ٹی اے) کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ مسافروں کی جانب سے 58 کلو میٹر سے کم فاصلے کیلیے بھی 100 روپے کم کرایہ وصول کرنے کی شکایات سامنے آئی ہیں اور اتھارٹی نے فوری طور پر آپریٹر سے رابطہ کیا۔اہلکارنے مزید بتایا کہ اب وہ کم سے کم فاصلے کے لیے کم از کم 50 روپے کرایہ وصول نہیں کر رہے ہیں۔
دریں اثنا ذرائع نے بتایا کہ این آر ٹی سی نے ایندھن کی بلند قیمتوں کے پیش نظر اگلے ماہ سے پی بی ایس کے تمام راستوں کے کرایوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔