پی ٹی آئی نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ریفرنس دائر کردیا
تحریک انصاف کی جانب سے دائر ریفرنس میں سپریم جوڈیشل کونسل سے استدعا کی گئی ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اپنے عہدے کی پاسداری نہیں کررہے اس لیے انہیں عہدے ہٹایا جائے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کردیا ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر اعجاز چوہدری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ سپریم جوڈیشل کونسل میں چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ریفرنس دائر کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
نشتراسپتال واقعہ: لاپتہ افراد یا اعضاء کی فروخت، معاملہ قومی اسمبلی میں پہنچ گیا
شہبازشریف کا انوکھا کارنامہ: اپوزیشن رہنما نور عالم خان کو وفاقی وزیر مقرر کردیا
سینیٹر اعجاز چوہدری کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر آئین کے تحت حلف لیتا ہے لیکن دنیا نے دیکھا کہ موجودہ چيف الیکشن کمشنر آئین کی خلاف کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کا فارن فنڈنگ کیس میں عمل جانب دارانہ ہے، ریفرنس میں مبینہ آڈیو لیکس کا ذکر کیا گیا ہے۔
اعجاز چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ قاسم سوری نے پی ٹی آئی کے تمام استعفے منظور کئے تھے، الیکشن کمیشن نے ان منظور شدہ استعفوں پر کوئی عمل نہیں کیا جبکہ پی ڈی ایم کے اسپیکر نے جو استعفے منظور کئے تھے الیکشن کمیشن نے فوراً اس پر عمل کیا۔
اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی رہنما ملیکہ بخاری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمشنر واضح طور پر اپنے حلف کی پاسداری نہیں کر رہے، جب سندھ ہاؤس میں ضمیر فروشوں کی منڈی لگی تو الیکشن کمیشن سویا ہوا تھا۔
ملیکہ بخاری کا کہنا تھا ہماری اعلیٰ عدالتوں کے ججز سے التجا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو فوری طور پر عہدے سے ہٹایا جائے۔