نیوپلیکس نے دی لیجنڈ آف مولاجٹ نہ دکھاپانے کا ذمے دار ڈسٹری بیوٹر کو قراردیدیا

کراچی میں سنیماز چلانے والے بڑے گروپ نیوپلیکس سنیماز نے پاکستان کی سب سے مقبول فلم’دی لیجنڈ آف مولاجٹ ‘ نہ دکھاپانے کا ذمے دار فلم کے ڈسٹری بیوٹر اور ایٹریئم سنیماز کے منتظم مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کو قرار دیدیا۔

نیوپلیکس سنیما نے الزام عائد کیا ہے کہ  مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ نے فلم کی نمائش کیلیے انڈسٹری کی روایات سے متصادم شرائط عائد کردی ہیں اور فلم کی نمائش کو صرف اپنے سنیماز تک محدود رکھنا چاہتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

دی لیجنڈآف مولاجٹ 50 کروڑ کمانے والی پہلی فلم بن گئی، بھارتی میڈیا بھی معترف

دی لیجنڈ آف مولاجٹ نے آئی ایم ڈی بی پر چھپڑ پھاڑ ریٹنگ حاصل کرلی

نیوپلیکس سنیماز نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ”  پاکستانی فلموں کی نمائش کی بات آتی ہے تو نیوپلیکس سینماز ہمیشہ سب سے آگے رہے ہیں ۔ مقامی فلموں کے لیے جو کاروبار ہم نے پیدا کیا ہے اس کی وجہ سے گزشتہ برسوں میں باکس آفس پر کئی ریکارڈز بھی قائم کیے گئے ہیں“۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ”ہم سمجھتے ہیں کہ یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ”دی لیجنڈ آف مولا جٹ“ کے ڈسٹری بیوٹر اور ایٹریئم سینماز  کے منتظم مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کراچی فلم کی نمائش کیلیے ایسی شرائط رکھ رہے ہیں جو فلمی صنعت کے اصولوں کے برخلاف ہیں“۔

نیوپلیکس سنیماز نے کہا ہے کہ” فلم کے پروڈیوسرز نے   معمول کی شرائط پر نیوپلیکس سینما گھروں میں فلم کی نمائش کے لیے رضامندی ظاہر کی لیکن فلم ڈسٹری بیوٹر کی جانب سے اس کے برعکس مشورہ دیا جارہا ہے،ہمیں خدشہ ہے کہ اس سے فلم کے باکس آفس پر منفی اثر پڑے گا“۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ”ہم اپنے ناظرین کی مایوسی کو پوری طرح سمجھتے ہیں جو کراچی میں  اپنے من پسند نیوپلیکس سینماز میں اس غیر معمولی فلم  کو دیکھنے کا تجربہ کرنا چاہتے ہیں لیکن مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کی جانب سےفلم کو صرف اپنے سنیماز تک محدود رکھنے کیلیے کی جانے والی سختی کی وجہ سے ایسا کرنے سے قاصر ہیں“۔

نیوپلیکس سنیماز نے مزید کہا کہ”ہم تخلیقی ٹیم اور’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘کے پروڈیوسرز کی کاوشوں کو بھی سراہتے ہیں۔ ہمیں ایسی شاندار پاکستانی فلم کی نمائش اور اس کی کامیابی میں اپنا صحیح کردار ادا کرنے میں خوشی ہوگی“۔

انہوں نے کہا کہ”ایک نمائش کنندہ کے طور پر ہم شدت سے محسوس کرتے ہیں کہ ان سخت معاشی حالات میں جس کے نتیجے میں ملٹی پلیکس چلانے اور اس کی دیکھ بھال کی لاگت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، ہمارے لیے اپنے کرم فرماؤں  کو معیاری تفریح ​​فراہم کرنا ایک انتہائی مشکل ہدف  بن گیا ہے اور مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کی جانب سے عائد کردہ تنگ نظر شرائط کی وجہ سے سنیمازکو عارضی فائدہ تو ہوسکتا ہے لیکن طویل مدت میں اس کے منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں “۔

انہوں نے کہاکہ”ہم امید کر رہے ہیں کہ اچھی کاروباری حس  غالب آئے گی اور ہم کسی بھی پاکستانی فلم کا کھلے دل سے استقبال کرنے اور اس کی نمائش کے لیے ہمیشہ موجود ہیں“۔

یاد رہے کہ کئی نامور فلمسازوں اور ناقدین نے دی لیجنڈ آف مولاجٹ نہ دکھانے پر نیوپلیکس سنیماز کو تنقیدکا نشانہ بناتے ہوئے اس اقدام کو پاکستانی فلمی صنعت کو قتل کرنے کے مترادف قرار دیا تھا۔

متعلقہ تحاریر