پی ٹی آئی کارکنان کا لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ

پاکستان تحریک انصاف کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرہ توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی نااہلی کے خلاف کیا گیا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) برطانیہ کے رہنماؤں اور کارکنان نے ہفتے کے روز لندن میں پاکستان ہائی کمیشن کے باہر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

پی ٹی آئی کے سینکڑوں کارکنوں نے توشہ خانہ ریفرنس کیس میں عمران خان کی نااہلی کو غیر قانونی اور آئین پاکستان کے خلاف قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیے

توشہ خانہ ریفرنس: عمران خان نااہل ہوئے یا چیف الیکشن کمشنر

تحریک انصاف کے گرفتار رہنما صالح محمد کے گلے میں تختی لٹکانے پر پولیس اہلکار معطل

پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت مخالف نعرے درج تھے۔

مظاہرین الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلے کی مذمت بھی کررہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ سیاسی چال ہے تاکہ عمران خان کو آئندہ عام انتخابات سےباہر رکھا جاسکے۔

مظاہرے کا اہتمام پی ٹی آئی لندن کے صدر وقاص ساگر نے کیا تھا ، جبکہ پی ٹی آئی کے کارکنوں نبیل قریشی، جہانزیب خان، فرزانہ مختار، سیدہ آمنہ علی، فہیم احمد، سعدیہ فہیم اور دیگر نے احتجاج میں شرکت کی۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما شفقت محمود بھی ہائی کمیشن کے باہر احتجاج میں شامل ہوئے۔

اس موقع پر شفقت محمود نے کہا کہ پاکستان میں انقلاب قریب ہے۔ لوگ سیاسی انارکی کا شکار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ کی آواز وائٹ ہاؤس واشنگٹن تک بھی پہنچ رہی ہے۔

متعلقہ تحاریر