وزیراعظم کا زمبابوے کے صدر کو طنز پر قومی جذبے سے بھرپور جواب

زمبابوے کے صدر نے ٹی ورلڈکپ میں پاکستان کو اپ سیٹ شکست دینے پر اپنی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے اگلی بار اصلی مسٹر بین بھیجنے کا مشورہ دیا تھا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ  میں زمبابوے کے ہاتھوں سیٹ شکست کے بعد جہاں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے پاکستان ٹیم کی ٹرولنگ کا سلسلہ جاری ہے وہیں زمبابوے کے صدر ایمرسن منانگاگوا نے بھی پاکستان کو ٹرولنگ کا نشانہ بنا ڈالا۔

گزشتہ روز پرتھ آسٹریلیا میں  کھیلے گئے میچ میں زمبابوے کے 131 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 129 رنز بناسکی۔

یہ بھی پڑھیے

ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان کو زمبابوے کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست

ٹی20 ورلڈ کپ: آخری اوور میں نواز کی نوبال متنازع، سابق کرکٹرز بھی بول پڑے

زمبابوے کے صدر ایمرسن منانگاگوا نے میچ کے بعد ٹوئٹ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو مبارک باد دی اور ساتھ ہی  پاکستان کو ایک پیغام بھی دیا کہ”اگلی بار اصلی مسٹر بین بھیجنا“۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے زمبابوے کے صدر کو جواب دیتے ہوئے اپنے ٹوئٹ لکھا کہ  ہمارے پاس اصلی مسٹر بین نہیں ، لیکن ہمارے پاس کرکٹ کا اصلی جذبہ ہے اور ہم پاکستانیوں کی مضحکہ خیزعادت ہے کہ پلٹتے ضرور ہیں  ۔

وزیراعظم نے  پاکستان کیخلاف اہم کامیابی پر  زمبابوے کے صدر کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی ٹیم کے کھیل کی تعریف بھی کی۔

زمبابوے کے صدر نے مسٹر بین کا ذکر کیوں کیا؟

یاد رہے کہ پاکستان اور زمبابوے کے میچ سے قبل گزشتہ روزگوگی چاسورا نامی ٹوئٹر صارف نے پی سی بی کی ٹوئٹر پوسٹ پر تبصرہ کیا کہ” بحیثیت زمبابوین ہم آپ کو معاف نہیں کریں گے، آپ نے ایک بار ہمیں مسٹر بین روون کے بجائے جعلی مسٹر بین دیا تھا، ہم یہ معاملہ کل حل کرلیں گے، بس دعا کریں کہ آپ کو بارش بچا لے “۔

جب ایک صارف کی جانب سے گوگی چاسوراسے پوچھا گیا کہ معاملہ کیا ہے تو انہوں نے بتایا کہ”ہمارے ایک ایگریکلچر پروگرام میں پاکستان نے ہمیں اصلی مسٹر بین کے بجائے ان کا ہمشکل جعلی مسٹر بین بھیج دیا تھا“۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ جعلی مسٹر بین کون؟ تو گوگی چاسورا نے آصف میمن کی تصویر شیئر کی جو برطانوی اداکار روون اٹکنسن( المشہور مسٹربین) کے ہمشکل لگتے ہیں اور اس وجہ سے پاکستان میں بھی کافی مشہور ہیں۔

رپورٹس کے مطابق آصف میمن کو 2016 میں زمبابوے میں ایک تقریب میں مدعو کیا گیا تھا، جہاں انہوں نے ہرارے انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر میں ایک کامیڈی نائٹ میں شرکت کی۔

جمعرات کو سپر 12 مرحلے میں پاکستان کو زمبابوے کے ہاتھوں سنسنی خیز مقابلے میں شکست ہوئی تو گوگی چاسورا نے دوبارہ ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پہلے ہی کہا تھا پر انہوں نے سنا ہی نہیں۔

متعلقہ تحاریر