عمران خان نے مسلسل تیسرا ضمنی انتخاب جیت لیا
این اے 45کرم ون پرپی ڈی ایم کے حمایت یافتہ امیدوار جمیل خان کو شکست، عمران خان کو 20ہزار748،جمیل خان کو صرف 12ہزار 718 ووٹ پڑے، ٹرن آوٹ 18.4فیصد رہا، عمران خان نے کے پی کے میں قومی اسمبلی چاروں نشستیں جیت لیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے اتوار کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 45 کرم ون پر ضمنی انتخاب میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے حمایت یافتہ جے یوآئی کے جمیل خان اور دیگر امیدواروں کو شکست دیکر مسلسل تیسرا ضمنی الیکشن جیت لیا۔
تمام 143 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق عمران خان کو 20ہزار748 ووٹ ملے جبکہ ان کے قریبی حریف جمیل خان نے 12ہزار718 ووٹ حاصل کیے۔ووٹرز کی اکثریت ضمنی انتخاب کے عمل سے لاتعلق رہی اور ٹرن آؤٹ تقریباً 18.4 فیصد رہا۔
یہ بھی پڑھیے
آپ نے ہمیں بتایا یہ چور ہیں اب کہتے ہیں ان سے دوستی کرلو، عمران خان کے اسٹیبلشمنٹ سے سوالات
توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی نااہلی کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر
اس ضمنی الیکشن میں کامیابی کے بعد عمران خان نے پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں کے بعد خیبرپختونخواسے خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی چاروں نشستیں جیت لی ہیں۔یہ نشست سابق ایم این اے فخر زمان خان کے استعفیٰ سے خالی ہوئی تھی۔
ضمن انتخاب میں عمران خان سمیت 16 امیدوار مدمقابل تھے۔ الیکشن کمیشن نے 143 پولنگ اسٹیشن قائم کیے تھےجن میں سے 119 کو انتہائی حساس جبکہ 24 کو حساس قرار دیا گیا تھا۔پولنگ اسٹیشنز پر پولیس، لیویز اور نیم فوجی دستے تعینات تھے۔ کسی پولنگ سٹیشن سے کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی۔
حلقے میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 98ہزار 618ووٹرز موجود تھے جن میں ایک لاکھ11ہزار 349مرد اور 87ہزار 269خواتین شامل تھیں تاہم صرف 33 ہزار 500 کے قریب ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا۔
ابتدائی طور پر این اے 45 میں پولنگ دیگر تین حلقوں کے ساتھ 16 اکتوبر کو ہونا تھی تاہم الیکشن کمیشن نے اسے ملتوی کر دیا تھا اور بعد ازاں اس مقصد کے لیے 30 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی تھی۔
یاد رہے کہ 16 اکتوبر کو این اے 22مردان، این اے 24 چارسدہ اور این اے31پشاور کی تشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں بھی تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کامیابی حاصل کی تھی۔









