ارشد شریف کی والدہ، سلمان اقبال اور پی ایف یو جے نے حکومتی کمیشن مسترد کردیا
تمام فریقین نے حکومت سے سپریم کورٹ کے حاضر سروس جج پر مشتمل ہائی پاور کمیشن یا اقوام متحدہ سے قتل کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کردیا۔
کینیا میں قتل کیے گئے صحافی ارشد شریف کی والدہ، اے آر وائی نیوز کے سی ای او سلمان اقبال اور پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ (پی ایف یو جے) نے قتل کی تحقیقات کیلیے قائم کردہ حکومتی کمیشن کو مسترد کردیا۔
تمام فریقین نے حکومت سے سپریم کورٹ کے حاضر سروس جج پر مشتمل ہائی پاور کمیشن یا اقوام متحدہ سے قتل کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کردیا۔
یہ بھی پڑھیے
ارشد شریف قتل کیس: وفاقی حکومت نے 3 رکنی کمیشن تشکیل دے دیا
کینیا میں ارشد شریف قتل کیس کے 2 اہم گواہان کے بیانات ریکارڈ
مقتول ارشد شریف کی والدہ نے اپنے تحریری بیان میں وفاقی حکومت کی جانب سے قائم کردہ تحقیقاتی کمیشن کو وزیراعظم شہباز شریف کے اپنے جاری کردہ بیان سے متصادم قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔
شہید ارشد شریف کی والدہ نے وفاقی حکومت کی جانب سے بنائے گئے “ انکوائری کمیشن “ کو وزیر اعظم میاں شہباز شریف کے اپنے جاری کردہ بیان سے متصادم قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔ pic.twitter.com/Z7Nv52mDk9
— Hassan Ayub Khan (@HassanAyub82) October 31, 2022
انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے بیٹے شہید ارشد شریف کے بہیمانہ قتل پر سیاست مت کھیلی جائے بلکہ ایک ہائی پاور جوڈیشل کمیشن یا اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیٹی پر مشتمل کمیشن بنایا جائے تاکہ انکوائری کمیشن پر خاندان اور صحافی برادری کا اعتماد قائم ہوسکے کیونکہ جس کرب سے شہید ارشد شریف کا خاندان گزررہا ہے اس میں مزید اضافے کے بجائے انصاف کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ جس حکومت نے ارشد شریف پر ملک بھر میں بغاوت کے کئی مقدمات درج کرائے اور اپنے وطن کی زمین تنگ کردی جس کی وجہ سے شہید کو ملک چھوڑ کر دبئی جانا پڑا اور وہاں سے بھی انہیں بے دخل ہونے پر مجبور کیا گیا۔اس حکومت نے آج اپنے 2 ماتحت سرکاری افسران اور ایک ریٹائرڈ جج پر مشمتل کمیشن بنادیا ہے، کیا اس سے کسی بھی قسم کی آزادانہ تحقیقات کی توقع کی جاسکتی ہے؟بالکل نہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم شہبازشریف فوری طور پر اپنے جاری کردہ بیان کے مطابق کمیشن کی تشکیل نو کو ممکن بنائیں۔انہوں نے پی ایف یوجے سمیت ملک بھر کی صحافی برادری سےمطالبہ کیا کہ شہید ارشد شریف کا خون ناحق کسی بھی صورت رائیگاں نہ جانے دیں اور اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
Despite PM’s assurance he’s failed to appoint a credible Commission of Inquiry into Arshad Sharif’s death in order to ensure transparency. An independent SC Inquiry Comission with sitting judges must be established with @UNHumanRights support to secure #JusticeForArshadSharif https://t.co/VDmVFgiAHn
— Salman Iqbal ARY (@Salman_ARY) October 31, 2022
دریں اثنا اے آر وائی نیوز کے سی ای او سلمان اقبال نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر مقتول ارشد شریف کی والدہ کا بیان شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وزیر اعظم اپنی یقین دہانی کے باوجود شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ارشد شریف کی موت کے حوالے سے معتبر تحقیقاتی کمیشن بنانے میں ناکام رہے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ارشد شریف کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کیلیے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیٹی کے تعاون سے سپریم کورٹ کے موجودہ ججز پر مشتمل انکوائری کمیشن قائم کیا جانا چاہیے۔
دوسری جانب اے آر وائی نیوز نے دعویٰ کیاہے کہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ ( پی ایف یو جے) نے سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے لیے حکومت کی طرف سے تجویز کردہ انکوائری کمیشن کو مسترد کر دیا ۔
اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پی ایف یو جے کے نمائندے لالہ اسد پٹھان نے ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے لیے حکومت کی جانب سے تجویز کردہ انکوائری کمیشن کو مسترد کردیا۔
لالہ اسد نے نوٹ کیا کہ حکمران اتحاد جب سے اقتدار میں آیا ہے اے آر وائی نیوز پر الزامات لگا رہا ہے، اگر کمیشن بننے سے پہلے الزامات لگائے جائیں تو کوئی شفاف تحقیقات کی توقع کیسے کر سکتا ہے۔
پی ایف یو جے کے نمائندے نے انکوائری کمیشن کو کمزور قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ وزرا کے زیر اثر کوئی کمیشن قبول نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیٹی (یو این ایچ آر سی) کی سربراہی میں ایک آزاد تحقیقاتی کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ روز ارشدشریف کے قتل کی تحقیقات کیلیے جسٹس (ر) عبدالشکور پراچہ کی سربراہی میں 3رکنی انکوائری کمیشن تشکیل دینے کا فیصلہ کیا تھا۔