وزیراعظم کا دورہ چین: احسن اقبال دورے کے فوائد گنوانے لگے مریم اورنگزیب کی عمران خان پر تنقید
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا ہے کہ عمران خان کی فرسٹریشن سامنے آگئی ہے ، اس لیے چاہتے ہیں کہ ملک میں ایمرجنسی نافذ ہوجائے۔
وزیراعظم شہباز شریف وفاقی وزراء اور اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ چائنہ روانہ ہو گئے ، وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے وزیراعظم کے دورے کے دوران مفاہمت کی متعدد یادداشتوں پر دستخط ہوں گے جبکہ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے 2014 میں عمران خان نے چینی صدر کا دورہ سبوتاژ کرنے کے لیے دھرنا دیا تھا اب وزیراعظم چین جارہے ہیں تو جتھہ لے کر اسلام آباد آرہا ہے۔
چائنہ روانگی سے قبل ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ دو روزہ سرکاری دورے پر چین جارہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
ارشد شریف کی والدہ، سلمان اقبال اور پی ایف یو جے نے حکومتی کمیشن مسترد کردیا
بلوچستان کے علاقے کمان پاس میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن ، 4 دہشتگرد ہلاک
ان کا کہنا تھا کہ اس دورے میں مختلف شعبوں میں مفاہمت کی متعدد یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہونگے، وسیع پیمانے پر دوطرفہ تعاون کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور سی پیک جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی کے 27 اکتوبر کو ہونے والے 11ویں اجلاس کے تناظر میں سی پیک منصوبے پر تعاون کی رفتار کو مستحکم کرنے کو یقینی بنایا جائے گا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک ایم ایل ون اور کراچی سرکلر ریلوے (KCR) منصوبوں کو شروع کرنے میں پُرعزم ہیں، ایم ایل ون سے پاکستان اور چین دونوں ملکوں کی معیشت پر مثبت اقتصادی اثرات مرتب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے دور میں ایک بھی صنعتی زون بھی مکمل نہیں ہو سکا ، جبکہ چین نے صنعتی ترقی کی بنیاد پر معاشی ترقی کی۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا اب سی پیک کے تحت صنعتی تعاون کو فروغ دیں گے، سی پیک صنعتی تعاون روزگار کے نئے مواقع لائے گا، سی پیک کے تحت زرعی تعاون پر بات چیت ہوگی۔
احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک ، پاک چین تعاون کا سنگِ میل بن گیا ہے، ملکی اور غیر ملکی حالات چاہے کچھ بھی ہوں، پاک چین دوستی نسل درنسل چلی آرہی ہے۔ ان کا کہنا تھا وزیر اعظم شہباز شریف کے اس دورے کی کامیابی کے اثرات دور رس ہونگے۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے لانگ مارچ پر تنقید کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے 1500 لوگوں کے سامنے کھڑے ہو کر کہتے ہیں پورا پاکستان یہاں کھڑا ہے۔ عمران خان کی فرسٹریشن سامنے آگئی ہے۔ اس لیے چاہتے ہیں کہ ملک میں ایمرجنسی نافذ ہوجائے۔
سربراہ تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے ہیں ملک میں مارشل لاء لگتا ہے تو لگ جائے ، ان کے اس قسم کے بیانات سے انہیں الیکشن نہیں ملنے والے۔ عمران خان نے کل کہہ دیا کہ بیلٹ یا بلڈشیڈ ، یعنی ان کے مقاصد سامنے آگئے ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا ہم عمران خان کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی ، کسان پیکج کا اعلان ہوا تو عمران خان نے مارشل لاء لگانے کی بات کردی۔ دھونس ، گالی اور دھمکی سے الیکشن نہیں ملے گا۔