2بڑے اینکرز نے پیغام بھیجا ہے کہ میرانام ہٹ لسٹ میں ہے، سلمان احمد
اگر مجھے کچھ ہوا تو میں رانا ثنااللہ اور ان کے سارے ہینڈلرز کو ذمے دار قرار دوں گا، حامد میر نے اپنے پروگرام میں سلمان احمد کا پیغام نشر کردیا۔

ملک کے نامور گلوکار و موسیقار اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے فوکل پرسن برائے ثقافت سلمان احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ 2 بڑےاینکرز نے انہیں پیغام بھیجا ہے کہ ان کی زندگی خطرے میں ہے اور ان کا نام ہٹ لسٹ میں شامل ہے۔
گزشتہ جیوز نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں میزبان حامد میر نے سلمان احمد کا وڈیو پیغام دکھایا۔
یہ بھی پڑھیے
اعظم سواتی کی ایک ہفتے میں دوسری پریس کانفرنس: اداروں پر الزامات تیزتر
ارشد شریف قتل کیس میں فیصل واوڈا کا ایک اور یو ٹرن
سلمان احمد نے کہا کہ”2 بڑے اینکرزنے مجھے پیغام بھیجا ہے کہ آپ کی زندگی کو خطرہ ہے اور آپ کا نام ہٹ لسٹ میں ہے، آپ اپنی حفاظت کریں“۔
عمران خان کے قریبی ساتھی سلمان احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کا نام ایک ہٹ لسٹ پر موجود ہے ارشد شریف کی شہادت کے بعد انکا دعویٰ نظرانداز نہیں کیا جا سکتا @sufisal @ImranKhanPTI pic.twitter.com/NTgs6sGZ2Y
— Hamid Mir (@HamidMirPAK) October 31, 2022
انہوں نے مزید کہا کہ”جتنا مرضی ڈرا ،دھمکا کر اور فاشسٹ ہتھکنڈے اپنا کر یہ ہمیں پیچھے دھکیلنے کی کوشش کرلیں ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے “۔
انہوں نے کہا کہ ”گولیاں مارنی ہیں تو سامنے سے میرے سینے پر ماریں ، یہ نہ کریں کہ تیسرے چوتھے بندے سے میرے 85سالہ والد کوفون کرکے آپ دھمکیاں دے رہے ہیں، آپ کو شرم آنی چاہیے، یہ کس طرح کا پاکستان ہے“۔
سلمان احمد نے مزید کہا کہ”اگر مجھے کچھ ہوا تو میں رانا ثنااللہ اور ان کے سارے ہینڈلرز کو ذمے دار قرار دوں گا“۔









