تحریک انصاف کے کارکنوں نے اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستے بند کردیئے
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پر قاتلانہ حملے اور ایف آئی آر درج نہ ہونے کے خلاف پی ٹی آئی کے کارکنوں نے اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستے بند کردیئے، جگہ جگہ ٹائرز نذر آتش کرکے ٹریفک کا نظام دھرم برھم کردیا، اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف کارروائی کا عزم ظاہر کردیا

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پر قاتلانہ حملے اور ایف آئی آر درج نہ ہونے کے خلاف پی ٹی آئی کے کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے اسلام آباد سے پشاور اور اسلام آباد سے لاہور جانے والی موٹر وے بند کردی ۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں اور کارکنوں نے عمران خان پر قاتلانہ حملے اور ایف آئی آر درج نہ ہونے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے موٹر وے کو کئی جگہوں پر بند کردیا جبکہ شمس آباد جانے والی مری روڈ بند کی گئی ۔
یہ بھی پڑھیے
پی ٹی آئی کارکنان کا لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ
تحریک انصاف کے رہنماوں اور کارکنوں نے کئی گھنٹوں تک اسلام آباد پشاور، اسلام آباد لاہور موٹروے کو بند رکھا جبکہ شمس آباد جانے والی مری روڈ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ٹائرز جلائے جس سے کئی گھنٹوں تک ٹریفک کا نظام درھم برھم رہا ۔
احتجاجی مظاہرین کی جانب سے سابق وزیر اعظم عمران خان کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔مظاہرین نے عمران خان پر حملے کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔
دوسری جانب اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستے بند کرنے پر اسلام آباد پولیس نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف مقدمات درج کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔
اسلام آباد پولیس کے ٹوئٹر ہینڈل پر بتایا گیا کہ احتجاجی مظاہرین نے اسلام آباد آمد و رفت کے راستے بند کیے تاہم اسلام آباد کیپیٹل پولیس اور پاکستان رینجرز کے دستے روانہ کردئیے گئے ہیں۔
مظاہرین نے لاہور اور پشاور موٹروے سے اسلام آباد آمد و رفت کے راستے بند کردئیے ہیں۔
اسلام آباد کیپیٹل پولیس اور پاکستان رینجرز کے دستے روانہ کردئیے گئے ہیں۔ وفاقی حکومت کو درخواست بھیجی گئی ہے کہ آئین کے آرٹیکل 3 اور 4 کے تحت صوبائی حکومتوں کو ہدایات جاری کی جائیں کہ موٹروے 1/2
— Islamabad Police (@ICT_Police) November 7, 2022
اسلا م آباد پولیس نے کہا کہ وفاقی حکومت کو درخواست بھیجی گئی ہے کہ آئین کے آرٹیکل 3 اور 4 کے تحت صوبائی حکومتوں کو ہدایات جاری کی جائیں کہ موٹروے اور ائیر پورٹ کے راستے کھلے رکھے جائیں۔
شر پسند عناصر کے خلاف تھانہ نون میں مقدمات درج کیے جائیں گے۔ عوام سے بھی گزارش ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی اور شرپسند عناصر کے خلاف اطلاع 15 پر دیں۔









