آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے الوداعی دوروں کا آغاز کردیا
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے الوداعی دوروں کا آغاز کرتے ہوئے آج منگلا اور سیالکوٹ گیریژن کے دورے کئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف (سی او اے ایس) جنرل قمر جاوید باجوہ نے منگلا اور سیالکوٹ گیریژن کا دورہ کرتے ہوئے اپنے الوداعی دوروں کا آغاز کردیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے منگلا اور سیالکوٹ گیریژن دورے کے دوران افسران اور جوانوں سے ملاقاتیں کیں اور خطاب کیا۔
یہ بھی پڑھیے
عمران خان ٹوئٹر پر شہباز شریف سے زیادہ پسند کیے جانے والے رہنما
عمران خان کی جتھوں کی سیاست کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، خورشید شاہ کا اعلان
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے خطاب کے دوران مختلف آپریشنز، ٹریننگ اور قدرتی آفات کے دوران بہترین کارکردگی پر فارمیشنز کی کارکردگی کو سراہا۔
آرمی چیف نے فوجیوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہ "ایک ہی جذبے اور عزم کے ساتھ ملک کی خدمت جاری رکھیں، چاہے وہ کسی بھی حالات سے گزر رہے ہوں۔”
قبل ازیں سی او اے ایس کا سیالکوٹ پہنچنے پر لیفٹیننٹ جنرلز محمد عامر اور ایمن بلال صفدر نے منگلا گیریژن میں استقبال کیا۔
یاد رہے مختلف افواہوں کی گردش کو روکنے کے لیے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ ماہ اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ شیڈول کے مطابق 29 نومبر کو ریٹائر ہو جائیں گے۔ جس کے بعد تمام قسم کی افواہوں نے دم توڑ دیا تھا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس عزم کا بھی اظہار کیا تھا کہ مستقبل قریب پاک فوج ملکی سیاست میں کوئی کردار ادا نہیں کرے گی ، اور فوج مکمل طور پر غیرسیاسی اور غیرجانبدار رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) جنرل ندیم رضا بھی 27 نومبر کو ریٹائر ہونے والے ہیں۔
پس پردہ مذاکرات
حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل-این) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے ساتھ پس منظر میں ہونے والی گفتگو کے بعد یہ سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ فوج کے اگلے سربراہ کے طور پر چھ اعلیٰ درجے کے جرنیلوں میں سے ایک کو منتخب کرنے کے لیے مشاورت کا عمل جاری ہے۔
اس فہرست میں لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر ہیں، جو اس وقت جی ایچ کیو میں بطور کوارٹر ماسٹر جنرل خدمات انجام دے رہے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا، کور کمانڈر راولپنڈی ایکس۔ لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس، چیف آف جنرل اسٹاف (سی جی ایس)؛ لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود، صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (NDU)؛ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید ، کور کمانڈر بہاولپور۔ اور لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر، کور کمانڈر ٹرپل ون گوجرانوالہ شامل ہیں۔
چھ سال تک اپنے عہدے پر فائز رہنے کے بعد جنرل باجوہ 29 نومبر کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے انہیں 2016 میں تعینات کیا تھا اور سابق اور اس وقت کے وزیر اعظم عمران خان نے انہیں 2019 میں مزید تین سال کی مدت دی تھی۔









