ٹی 20 ورلڈکپ کے فائنل سے متعلق برطانوی ہائی کمشنر کی ایک پیشگوئی درست ثابت

کرسچن ٹرنر نے جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں 20 ستمبر کو ٹی 20 ورلڈکپ کے فائنل میں انگلینڈ کے ہاتھوں پاکستان کی شکست کی پیشگوئی کی تھی

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ سے متعلق برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کی پیشگوئی درست ثابت ہوگئی جبکہ دوسری پیشگوئی کے صحیح یا غلط ثابت ہونے کافیصلہ اتوار کو ایم سی جی میں ہوگا۔

کرسچن ٹرنر نےستمبر میں انگلینڈ کے دورہ پاکستان کے موقع پر  جیو نیوز کے پروگرام’نیا پاکستان‘میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل پاکستان اور انگلینڈ کےمابین ہونے کی پیش گوئی کی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

ٹی 20 ورلڈ کپ: شاہین کیویز کا شکار کرکے فائنل میں پہنچ گئے

ٹی 20 ورلڈ کپ: دوسرا سیمی فائنل میں انگلینڈ نے بھارتی سورماؤں کو دھول چٹا دی

پروگرام کےمیزبان شہزاد اقبال نے گزشتہ روز ٹی 20ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل  میں انگلینڈ کے ہاتھوں بھارت کی رسوا کن شکست کے بعد اپنے پروگرام کاوڈیو  کلپ ٹوئٹر پر شیئر کردیا۔

شہزاد اقبال نے وڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ  برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے 20 ستمبر کو پاکستان اور انگلینڈ کےفائنل کھیلنے کی پیشگوئی کردی تھی۔انہوں نے فائنل میں انگلینڈ کے ہاتھوں پاکستان کی شکست کی بھی پیشگوئی کی تھی لیکن میں نے اس سے اتفاق نہیں کیا تھا۔اب دیکھتے ہیں اتوار کو کیا ہوتا ہے۔

وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کرسچن ٹرنر نے پیشگوئی کی کہ ٹی 20 ورلڈکپ کے فائنل میں انگلینڈ پاکستان کو شکست دیگا اس  کے بعد 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنے پاکستان آئے گا۔جس پر شہزاد اقبال نے فوری  لقمہ دیا کہ تصحیح کرلیں انگلینڈ پاکستان کو شکست دیگا یا اس کا الٹ ہوگا؟

واضح رہے کہ پاکستان نے بدھ کوسڈنی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر فائنل میں جگہ بنائی تھی جبکہ گزشتہ روز دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دیکر آؤٹ کلاس کردیا تھا۔ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل اتوار کو میلبورن کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور انگلینڈ کے مابین کھیلاجائے گا۔

متعلقہ تحاریر