حیرت ہے ملک سے باہر بیٹھے چور اہم فیصلے کررہے ہیں، عمران خان
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے اسحاق ڈار کو این آر او ملا تو وہ واپس آگیا ، کسی مہذب معاشرے میں ایسا نہیں ہوتا ، مگر لندن میں تماشہ لگا ہوا ہے۔
سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ عدل و انصاف کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا ، انصاف کا نظام قائم ہوگا تو ملک ترقی کرے گا۔ حقیقی آزادی کی تحریک ، صرف انصاف کے لیے ہے۔
لالہ موسیٰ میں پاکستان تحریک انصاف کے حقیقی آزادی مارچ سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو پتا ہی نہیں وہ پھنس گیا ہے ، ڈیلی میل نے شہباز شریف پر سخت ترین الزامات لگائے۔ شہباز شریف کو اب ثابت کرنا پڑے گا کہ الزامات غلط تھے۔
یہ بھی پڑھیے
عمران خان اپنے اوپر قاتلانہ حملے کے نئے نئے رازوں سے پردہ اٹھا رہے ہیں
اعظم سواتی کے لیے آواز اٹھانا مصطفیٰ نواز کھوکھر کو مہنگا پڑ گیا
سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا ملک کا سربراہ ملک کا پیسہ باہر بھیج رہا ہے۔ چوروں کا ٹبر ملک کے مستقبل کے فیصلے کررہا ہے۔ چوروں کو ملک پر مسلط کرنے سے تباہی ہوئی اس کا کون ذمہ دار ہے؟۔ یہ لوگ اپنی مرضی کے لوگوں کو لگوا کر اپنے کام نکلواتے ہیں۔ مجھے اپنی مرضی کے لوگ نہیں لگوانے مجھے صرف میرٹ چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے اپنی مرضی کا آرمی چیف نہیں چاہیے ، جو میرٹ پر ہو اسے آرمی چیف بننا چاہیے۔ لندن میں بیٹھا چور فیصلہ کررہا ہے کہ ملک کا آرمی چیف کون ہونا چاہیے۔ مجھ پر الزام لگایا گیا کہ میں آرمی چیف کی تعیناتی کو متنازعہ بنا دیا ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا نہ مجھے کوئی اپنا جج چاہیے ، نہ کوئی آئی جی اور نہ ہی نیب کا ہیڈ چاہیے۔ اسلام آباد میں ایسے شخص کو آئی جی لگا دیا گیا جس کو سزا ہونی تھی۔ یہ سب کچھ اس لیے ہورہا ہے کہ ہم چوروں کی حکومت کو تسلیم کرلیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اعظم سواتی کو بلیک میل کرنے کے لیے ذاتی ویڈیو بنائی گئی۔ ارشد شریف کو جس طرح سے قتل کیا گیا اس پر قوم کو سخت تشویش ہے۔ کیا ملک چلانے کا یہ طریقہ ہے کہ جو آپ کے خلاف بولےاس کی زبان بند کردی جائے۔
پی ٹی آئی کے سربراہ کا کہنا تھا ملکی معیشت کی تباہی کا ذمہ دار کون ہے؟ میری حکومت جانے کے بعد ملکی معیشت کا کیا حال ہوگیا ہے اس کا ذمہ دار کون ہے؟۔ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ نہیں ہوگا تو قرضوں کی ادائیگی کیسے ہو گی؟۔ میرے دور میں معیشت درست سمت میں جارہی تھی ، پی ٹی آئی کے دور میں انڈسٹری ترقی کررہی تھی ، آج انڈسٹری بند ہورہی ہے ، مزدور بےروزگار ہورہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے دور میں بھی آئی ایم ایف تھا ، کورونا کی وجہ سے عالمی مہنگائی کا سامنا تھا ، اس مرتبہ ملک میں سردیوں میں گیس کی شدید ترین قلت ہو گی ، جو قوم غلام ہوتی ہے اس کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی ہے۔









