محمد شامی کو شعیب اختر پر طنز مہنگا پڑگیا،ٹوئٹر صارفین نے آئینہ دکھادیا

صارفین نے محمد شامی کو سیمی فائنل کا نتیجہ یاد کرادیا، شعیب اختر کا بھارتی فاسٹ بولر کو ہرشہ بھوگلے سے سبق سیکھنے کامشورہ

ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان کی انگلینڈ کے ہاتھوں 5وکٹوں سے شکست کے بعد بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی کو سابق پاکستانی اسپیڈ اسٹار شعیب اختر پر طنز کا نشتر چلانا مہنگا پڑگیا۔

شعیب اختر سمیت پاکستانی صارفین اور صحافیوں نے بھارتی فاسٹ بولر کو آئینہ دکھادیا۔

یہ بھی پڑھیے

’بیگانے کی شادی میں عبداللہ دیوانہ‘، میلبرن میں بھارتی رپورٹر کا ساتھیوں پر طنز

 انگلینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیکر دوسری بار ٹی20 ورلڈکپ جیت لیا

ٹی 20 ورلڈکپ  کے فائنل میں انگلینڈ کی 5وکٹو سے فتح کےبعد  شعیب اختر نے ٹوٹے ہوئے دل کا اموجی ٹوئٹ کیا تو بھارتی فاسٹ بولر نے شعیب اختر کو طنز کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ معاف کرنا بھائی یہ کرما(مکافات عمل) ہے اور ساتھ ہی ٹوٹے دل کے 3 اموجی بھی شیئر کیے۔

شعیب اختر سمیت پاکستانی صارفین  نے محمد شامی کو اس حرکت پر آڑے ہاتھوں لے لیا۔ صحافی فاروق عبداللہ نے انڈیا انگلینڈ سیمی فائنل کا اسکور کارڈ شیئر کرتے ہوئے لکھاکہ شامی ذرا ادھر بھی۔

معروف سوشل میڈیا ایکٹوسٹ ثنا جمال نے لکھا کہ 170/0 کے بعد کرما سے زیادہ بولنگ پر توجہ دینی چاہیے۔

ثنا جمال کے تبصرے پر ایک بھارتی صارف نے لکھا کہ 170رنز 137رنز سے سوگنا بہتر ہیں۔اس پاکستانی صحافی  حسن کاظمی نے لکھا کہ کوئی وکٹ نہ لینے سے 5وکٹیں لینا بہتر ہے۔

سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھارتی بولر کو جواب دینے معروف بھارتی تجزیہ کار ہرشا بھوگلے کا فائنل کے بعد پاکستانی بولرز کی تعریف میں کیاگیا ٹوئٹر شیئر کرتے ہوئے لکھاکہ اسے کہتے ہیں سمجھدار ٹوئٹ۔

ناقدین کاکہنا ہے کہ محمد شامی کا پاکستان کی شکست پر طنز ان کی کم ظرفی کا ثبوت ہے حالانکہ گزشتہ ٹی 20 ورلڈکپ میں  پاکستان کے ہاتھوں 10 وکٹوں سے رسواکن شکست کے بعد بھارتی شائقین نے محمد شامی کو بدترین ٹرولنگ کا نشانہ بنایا تھا تو پاکستانی وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے ان سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا تھا اورآج پاکستانی کھلاڑیوں کو اظہار یکجہتی کی ضرورت ہے تو محمد شامی انہیں طنز کانشانہ بنارہے ہیں۔

متعلقہ تحاریر