لکی مروت میں پولیس گاڑی پر دہشتگردوں کا حملہ، 6 اہلکار جاں بحق
پولیس حکام کے مطابق شہید ہونے والوں میں انچارج علم دین ، ڈرائیور دل جان سمیت چار کانسٹیبل شامل ہیں۔

خیبر پختون خوا کے ضلع لکی مروت کے تھانہ ڈاڈیوالہ کی حدود میں پولیس موبائل پر نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ کے نتیجے میں 6 اہلکار جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ حدود ڈاڈیوالہ لکی مروت س میں پولیس چوکی عباسہ خٹک کی موبائل گاڑی کو دہشتگردوں کی جانب سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
حملہ اس قدر اچانک تھا کہ پولیس اہلکاروں کو سنبھلنے کا موقع نہ ملا ، اور انچارج سمیت تمام اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیے
سی ٹی ڈی کی کارروائی: سوشل میڈیا کے ذریعے اسلحے کی اسمگلنگ میں ملوث 4 ملزمان گرفتار
حملے کے فوری بعد حملہ آور دہشتگرد باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ حملہ آور موٹر سائیکلوں پر سوار تھے۔
حملےکے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیموں کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ اور لاشوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق فائرنک کرنے والے نامعلوم افراد جائے وقوعہ سے فرار ہوئے تاہم پولیس کی بھاری نفری ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہے ہیں.
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانون کی کٹہرے میں لائیں گے.
شہید ہونے والوں میں انچارج علم دین ، ڈرائیور دل جان، ڈی ایف سی احمد نواز ،لور ہیڈ کانسٹیبل زبیر، ایف آر پی سپاہی علی عثمان اور کانسٹیبل محمود خان شامل ہیں۔ پولیس کی مزید نفری جائے وقوعہ پر روانہ کر دی گی ہے۔