سندھ حکومت کی الیکشن کمیشن کے اختیارات پر ڈاکہ ڈالنے کوششیں
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نےحکومت سندھ پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ انتخابات کروانے کے اختیارات کو غصب کررہا ہے، انتخابات کرانا ہماری ذمہ داری ہے، آپ نے یہ اختیار ہم سے چھین لیا ہے، سیکیورٹی کا معاملہ ہے تو پنجاب سے پولیس مانگی جائے مگر 120 روز میں بلدیاتی الیکشن کروائے جائیں گے

الیکشن کمیشن پاکستان نے حکومت سندھ پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ بلدیاتی انتخابات کروانے کے لیے اس کے اختیارات کو غصب کررہا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کروانا ہمارا اختیار ہے ۔
الیکشن کمیشن پاکستان نے بلدیاتی انتخابات کے التوا کے خلاف درخواستوں کی سماعت کے موقع پر سندھ حکومت پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے سندھ حکومت پر اختیارات غضب کرنے کا الزام عائد کیا ۔
یہ بھی پڑھیے
کراچی میں بلدیاتی الیکشن کے انتظار میں 12 امیدوار دنیا سے رخصت ہوگئے
دوران سماعت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے صوبائی کابینہ پر ای سی پی کے اختیارات غصب کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کرانا ہماری ذمہ داری ہے، آپ نے یہ اختیار ہم سے چھین لیا ہے۔
ای سی پی کے اسپیشل سیکریٹری ظفر اقبال حسین نے اس سے قبل بینچ کو آگاہ کیا تھا کہ بلدیاتی انتخابات ابتدائی طور پر بارشوں کے باعث ملتوی کیے گئے اور پھر سندھ حکومت نے مزید 90 دن کے لیے ملتوی کرنے کی منظوری دی۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں تاخیر سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی ہے۔سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے انتخابات کا دوسرا مرحلہ دو بار ملتوی کیا گیاتھا۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں انتخابات کے لیے سیکیورٹی فورسز اور انتظامی عملہ فراہم کرنا ممکن نہیں۔ کراچی میں تقریباً 1300 پولنگ سٹیشن حساس ہیں اور ہر سٹیشن پر آٹھ اہلکاروں کی ضرورت ہے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ کیا آپ سیکورٹی فراہم کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں؟۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کا اختیار ہمارے پاس ہے ۔120 دن میں انتخابات ہونے چاہئیں۔
یہ بھی پڑھیے
الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کی بلدیاتی الیکشن سے فرار کی کوشش ناکام بنادی
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ حکومت چاہتی ہے کہ بلدیاتی الیکشن پر کوئی انگلی نہ اٹھائی جائے اس لیے پہلے مرحلے کی طرح افہام و تفہیم سے الیکشن کروانا چاہتے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کے ترجمان کو ہدایت کی کہ پنجاب سے پولیس فراہم کرنے کا کہہ کر سیکیورٹی کی کمی کو پورا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پنجاب اور سندھ میں الیکشن کروانے ہیں۔









