عمران خان 59 فیصد عوام کے نجات دہندہ، 70 فیصد کا فوری عام انتخابات کا مطالبہ، آئرس سروے

مارچ سے نومبر کے دوران عمران خان کی مقبولیت میں 28فیصد اضافہ، نوازشریف کی مقبولیت میں 6فیصد کمی واقع ہوئی، 65فیصد پاکستانیوں نے قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کی دو تہائی اکثریت لینے کی پیشگوئی کردی۔

 آئرس پاکستان کے تازہ ترین سروے میں ملک کی 59 فیصد عوام نے عمران خان کو اپنا نجات دہندہ قرار دے دیا،70فیصدپاکستانیوں نے ملک میں فوری عام انتخابات کا مطالبہ کردیا۔

سروے کے نتائج کے مطابق  مارچ 2022 سے نومبر 2022 کے دوران  تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو نجات دہندہ سمجھنے والے پاکستانیوں کی تعداد میں بتدریج28فیصد اضافہ جبکہ سابق وزیراعظم نوازشریف  کو ملک کے مسائل کا حل سمجھنے والوں کی تعداد میں بتدریج  6 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

صدر مملکت نے وزیراعظم کی سمری پر دستخط کردیے، جنرل حافظ سید عاصم منیر آرمی چیف مقرر

ارشد شریف قتل کیس: ایف آئی اے نے  تسنیم حیدر کو طلب کرلیا

عوامی آرا پر نظر رکھنے والی بین الاقوامی تنظیم آئرس پاکستان نے رواں میں نومبر میں ملک بھر کے 2 ہزار فراد پر مشتمل نمونے سے بذریعہ کمپیوٹر ذاتی انٹرویوز پر مبنی ڈور ٹو ڈور سروے کیا ہےجس میں شرکا سے 4 سوالات پوچھے گئے تھے۔

سروے کے شرکا سے پہلا سوال کیا گیا کہ کون سارہنما ملک کو بحران سے نکالنے کی صلاحیت رکھتا ہے؟

اس کے جواب میں 59 فیصد نے عمران خان،19 فیصد نے نواز شریف،4 فیصد نے شہبازشریف،ایک فیصد نے آصف علی زرداری،7فیصد نے کہا کہ کوئی نہیں جبکہ 9 فیصد نے دیگر رہنماؤں کا نام لیا۔

سروے کے نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ مارچ 2022 سے نومبر2022 کے دوران  عمران خان کے علاوہ تمام سیاسی رہنماؤں کی مقبولیت میں واضح کمی آئی ہے،اس عرصےکے دوران عمران خان کو ملک کے مسائل کا حل سمجھنے والوں میں بتدریج  28فیصد اضافہ جبکہ  نوازشریف کو نجات دہندہ سمجھنے والوں کی تعداد میں 6فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

 اس سوال پر کہ آپ کے خیال میں عام انتخابات کب ہوں گے؟ 47 فیصد عوام کا خیال تھا کہ موجودہ حکومت کی مدت کی تکمیل کے بعد ملک میں عام انتخابات ہوں گے جبکہ 45فیصد عوام کا خیال تھا کہ ملک میں فوری عام انتخابات ہوں گے جبکہ 8 فیصد عوام نے مختلف رائے کا اظہار کیا۔

سروے کے شرکا سے سوال کیا گیا کہ  آپ کے خیال میں عام انتخابات کب ہونے چاہئیں؟70 فیصد عوام نے کہا کہ ملک میں فوری عام انتخابات ہونے چاہئیں جبکہ 28فیصد نے کہا کہ موجودہ حکومت کی مدت کی تکمیل پر عام انتخابات ہونے چاہئیں جبکہ 2 فیصد عوام نے مختلف رائے کا اظہار کیا۔

اس سوال پر کہ کیا تحریک انصاف آئندہ انتخابات میں قومی اسمبلی میں دوتہائی اکثریت حاصل کرلے گی؟65فیصد عوام  نے کہا کہ تحریک انصاف دوتہائی اکثریت حاصل کرلے گی جبکہ 35  نے قرار دیا کہ تحریک انصاف ایسا نہیں کرسکے گی۔

متعلقہ تحاریر