جنرل عاصم منیر اور جنرل ساحر شمشاد مرزا کی تقرریوں کا نوٹی فیکیشن جاری
وفاقی حکومت سے جاری ہونے والے نوٹی فیکیشن کے مطابق جنرل حافظ سید عاصم منیر بطور آرمی چیف اپنے عہدے کا چارج 29 نومبر جبکہ جنرل ساحر شمشاد مرزا بطور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی 27 نومبر کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔

وفاقی حکومت نے جنرل حافظ سید عاصم منیر اور جنرل ساحر شمشاد مرزا کی تعیناتیوں کا نوٹی فیکیشن جاری کردیا ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹی فیکیشن کے مطابق جنرل حافظ سید عاصم منیر کی تقرری بطور آرمی چیف 3 سال کے لیے گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
آرمی چیف اور اہلخانہ کے ٹیکس گوشوارے لیک کرنیوالے2 افسران فارغ
عمران خان 59 فیصد عوام کے نجات دہندہ، 70 فیصد کا فوری عام انتخابات کا مطالبہ، آئرس سروے
اسی طرح سے جنرل ساحر شمشاد مرزا کی بطور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی تقرری بھی تین سال کے لیے کی گئی ہے۔
نوٹی فیکیشن کے مطابق جنرل سید عاصم منیر اور جنرل ساحر شمشاد مرزا کو فوری طور پر تھری اسٹار سے فور اسٹار کے رینک پر ترقی دی گئی ہے۔
نوٹی فیکیشن کے مطابق جنرل حافظ سید عاصم منیر اپنے عہدے کا چارج 29 نومبر کو سنبھالیں گے ، جبکہ جنرل ساحر شمشاد مرزا اپنے عہدے کا چارج 27 نومبر کو سنبھالیں گے۔
وفاقی حکومت نے جنرل ندیم رضا کی 27 نومبر کو ریٹائرمنٹ کا بھی نوٹی فیکیشن جاری کردیا ہے، جنرل ندیم رضا اس وقت جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے عہدے پر تعینات ہیں۔
وفاقی حکومت کے نوٹی فیکیشن کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ اپنے آرمی چیف ک عہدے سے 29 نومبر کو سبکدوش ہورہے ہیں۔
واضح رہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ افواج پاکستان کے 16ویں جنرل ہیں جو 29 نومبر کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہورہے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ رات صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے جنرل حافظ سید عاصم منیر اور جنرل ساحر شمشاد مرزا کی بطور آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تقرری کی سمری پر دستخط کیے تھے ، جس کے بعد آج وفاقی حکومت ان کی تقرریوں کا نوٹی فیکیشن جاری کردیا ہے۔









