پاکستان کو ایشین انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک سے 500 ملین ڈالر مل گئے
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اس ماہ کے شروع میں اعلان کیا تھا کہ اے آئی آئی بی نے پاکستان کے لیے 500 ملین ڈالر کی منظوری دی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو منگل کے روز ایشین انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (AIIB) سے 500 ملین امریکی ڈالر موصول ہوگئے۔ فنڈز کی ٹرانزیشن سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگیا۔
واضح رہے کہ اس ماہ کے شروع میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ ایشین انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (AIIB) سے پاکستان کو 500 ملین ڈالر ملیں گے۔
یہ بھی پڑھیے
مصدق ملک کی زیرقیادت پاکستانی وفد سستا تیل اور گیس خریدنے روس پہنچ گیا
لیگی رہنما مفتاح اسماعیل نے ملک کے دیوالیہ ہونے کے خطرات کا انکشاف کردیا
9 نومبر کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے لکھا تھا کہ ” ایشین انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (AIIB) کے بورڈ نے آج پاکستان کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کی مالی اعانت سے چلنے والے BRACE پروگرام کے تعاون سے 500 ملین امریکی ڈالر کی منظوری دے دی ہے۔”
Board of Asian Infrastructure Investment Bank (AIIB) has today approved USD 500 million as co-financing of Asian Development Bank (ADB) funded BRACE program for Pakistan.
These Funds will be received by State Bank of Pakistan within November 2022.— Ishaq Dar (@MIshaqDar50) November 9, 2022
انہوں نے لکھا تھا کہ "یہ رقم اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو نومبر 2022 کے اندر موصول ہو جائے گی۔”
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ BRACE (Building Resilience with Active Counteryclical Expenditures Program) ایشیائی ترقیاتی بینک کا مالیاتی پروگرام ہے جو معاشی بحران میں گھرے ہوئے ممالک کو سماجی مسائل سے نکلنے میں مدد دیتا ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال اکتوبر میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب اور عالمی سپلائی چین میں رکاوٹوں کے درمیان پاکستانیوں کو سماجی تحفظ فراہم کرنے، خوراک کی حفاظت اور اپنے لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں مدد کے لیے 1.5 بلین ڈالر کی فنانسنگ کی منظوری دی تھی۔









