وزیراعظم سے آصف زرداری کی ملاقات ، صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل روکنے کےلیے مشاورت

شہباز شریف اور آصف علی زرداری کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اس بات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا کہ تحریک عدم اعتماد کس روز جمع کروائی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف سے سابق صدر آصف علی زرداری کی اہم ملاقات میں عمران خان کی صوبائی اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کی دھمکی اور سیاسی صورت حال پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی۔ جس میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ، خاص طور پر صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل روکنے کیلئے حکمت عملی پر مشاورت ہوئی۔

یہ بھی پڑھیے

پنجاب اسمبلی کو بچانے کےلیے ہر حربہ استعمال کریں گے، عطاء اللہ تارڑ

پرویز الہیٰ پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کو تیار ، وفاقی حکومت کیا سوچ رہی ہے؟

دوسری جانب ن لیگ کی پیپلزپارٹی سے مشاورت ہوئی جس میں پنجاب  اسمبلی تحلیل ہونے کے معاملہ پر غور کیا گیا۔  مشاورتی اجلاس کی صدارت حمزہ شہباز نے کی ، اجلاس میں پیپلزپارٹی کے حسن مرتضی اور شازیہ عابد ، ن لیگ کے عطااللہ تارڑ اور ذیشان رفیق سمیت دیگر شامل تھے ۔

مشاورتی اجلاس میں اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ  تحریک عدم اعتماد کس روز جمع کروائی جائے گی۔

پاکستان تحریک انصاف  کے رہنما پرویز خٹک نے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پرویز الہیٰ نے عمران خان کا ساتھ نہ چھوڑنے کی یقین دہانی کروائی۔

واضح رہے کہ 26 نومبر کو پاکستان تحریک انصاف کے حقیقی آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اس بات کا اعلان کیا تھا کہ ہم اب اس کرپٹ نظام کا حصہ نہیں رہیں اور  پی ٹی آئی کی حکومت والی صوبائی اسمبلیاں تحلیل کردیں گے۔

عمران خان کے اعلان کے بعد سے سیاسی میدان میں جاری افراتفری میں مزید اضافہ ہو گیا ، پی ڈی ایم کی جماعتوں کے سربراہان کے اجلاسوں پر اجلاس جاری ہیں۔

متعلقہ تحاریر