حکومت سے ملک چل نہیں رہا ،الیکشن نہیں کرائے گی تو کیا کرے گی؟ فواد چوہدری
رہنما تحریک انصاف کا کہنا ہے معاشی طور پر ملک ڈیفالٹ کی جانب بڑھ رہا ہے ، حکومت کے پاس صوبوں کوپیسے دینے تو دور کی بات ڈیفنس منسٹری کو دینے کے لیے پیسے نہیں ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ایک مرتبہ پھر عام انتخابات کے لیے بال حکومتی کورٹ میں ڈال دی ہے۔ رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت پاس اس کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے کہ عمران خان کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے عام انتخابات کا اعلان کردے ، کیونکہ ان کے پاس پیسے تو ہیں نہیں کہ صوبائی اسمبلیوں کو ادا کرسکیں۔
گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آپ پی ٹی آئی کی تنقید کو علیحدہ کردیں ، مسلم لیگ ن کے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل خود کہہ رہے ہیں حکومت ڈیفالٹ کی جانب بڑھ رہے ہیں ، پاکستان میں اس وقت جو سیاسی اور معاشی صورتحال ہے ہمارے نزدیک انتخابات کے علاوہ اس کا کوئی اور حل ہے ہی نہیں۔
یہ بھی پڑھیے
جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کے جاتے ہی سینیٹر اعظم تارڑ کی وزارت قانون میں واپسی
رہنما تحریک انصاف اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے بال حکومت کی کورٹ میں ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ مہربانی کریں ہمارے ساتھ بیٹھیں ، اور پاکستان میں انتخابات کے حوالے سے بات چیت کریں حکومت جلد انتخابات کا اعلان کرے۔
وفاق نے پنجاب کے 176 ارب، کے پی کے 120 ارب دینے لیکن انکے پاس ادائیگی کیلئے پیسے نہیں، انکے پاس ڈیفنس کیلئے دینے کے پیسے بھی نہیں۔@fawadchaudhry
pic.twitter.com/6MexJaySrQ— PTI (@PTIofficial) December 2, 2022
انہوں نے بتایا کہ اجلاس کے دوران عمران خان نے حکومت کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ "آپ ہمارے ساتھ بیٹھیں اور انتخابی اصلاحات کے حوالے سے ایک فریم ورک طے کر لیتے ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جس طریقے سے ابھی حکومت چل رہی ہے یہ نہیں چل سکتی ، اس لیے اگر آپ اپنی 34 فیصد نشستوں پر انتخابات نہیں کروانا چاہتے ، یہ آپ کی مرضی ہے ، ہم اپنی 64 فیصد نشستوں کے اوپر انتخابات کروا لیں گے۔
معاشی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے اس وقت پنجاب کو 176 ارب روپے کی ادائیگی کرنی ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے 120 ارب روپے ادا کرنے ہیں ، حکومت کے پاس پنجاب کو دینے کے لیے پیسے نہیں ہیں ، اگر یہی صورتحال رہتی ہے تو تو پنجاب میں ترقیاتی کام کیسے کروا سکتے ہیں ، مطلب گنجی نہائے گی کیا اور نچوڑے گی کیا۔
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ باقی سب کو تو چھوڑیں ، ہمارے پاس ہماری ڈیفنس منسٹری کو دینے کے لیے پیسے نہیں ہیں ، جو حالات چل رہے ہیں ، اگلے تین ماہ میں حکومت کے پاس ڈیفنس منسٹری کو دینے کےلیے پیسے نہیں ہوں گے، ہم جس صورتحال کا شکار ہیں یہ کوئی معمولی صورتحال نہیں ہے ، اس کے نتائج بڑے پریشان کن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دفاع کے لیے مشکل صورتحال کا سامنا ہے ، پاکستانی عوام کو بہت پریشان کن نتائج کا سامنا ہے ، اس لیے ہم نے انہیں کہا ہے کہ آپ کے آپشن ہے یا تو آپ ہمارے ساتھ مل کر انتخابات لڑ لیں ، اگر نہیں تو ہم نے تمام اختیارات عمران خان کو تفویض کردیئے ہیں ، اب جہاں ان کی مرضی ہو گی وہ انتخابات کروا لیں گے۔









