بھارت آئے نہ آئے ایشیا کپ غیرجانبدار مقام پر نہیں ہوگا، رمیز راجا

ایک چیز ہمیں ملی ہے اور یہ ہمارا حق ہے، اس کے بعد جو بھی کریں گے اپنی حکمت عملی اور اپنے حساب سے کریں گے، چیئرمین پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجا نے کہا ہے کہ اگر بھارت ایشیا کپ کھیلنے نہیں آتا تو نہ آئے لیکن میزبانی غیرجانب دار مقام کو ملے ایسا نہیں ہوسکتا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران رمیز راجا سے سوال کیا گیا کہ ایشیا کپ میں اگر بھارت کی ٹیم نہیں آتی ہے تو سری لنکا اور بنگلہ دیش کے ساتھ پاکستان میزبانی کرسکتا ہے؟ رمیز راجا نے کہا کہ کیوں نہیں کرسکتے، ہم تو حاضر ہیں اور یہ ہمارا حق ہے، ایک چیز ہمیں ملی ہے اور یہ ہمارا حق ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان کے قدم جماتے ہی مائیکل وان کو پنڈی کی پچ بری لگنے لگی

راولپنڈی ٹیسٹ: پی سی بی کی مہربانی سے انگلش ٹیم نے شاہینوں کا بھرکس نکال دیا

رمیز راجا کا کہنا تھا کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی)نے ہمیں میزبانی کے لیے ایشیا کپ دیا، اس کے بعد بھارت کہتا ہے ہم نہیں آئیں گے تو میں مان سکتا ہوں کہ ان کو ایک سیاسی مسئلہ ہے تو نہیں آئیں مگر ایشیا کپ ہمارے سے لے کر غیرجانب مقام پر ہو یہ نہیں ہونے والا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد جو بھی کریں گے اور حکمت عملی ہوگی وہ اپنے حساب سے کریں گے۔واضح رہے کہ پاکستان 2023 میں 50 اوور کے ایشیا کپ کی میزبانی کرے گا جس کے بعد بھارت میں ورلڈ کپ ہوگا۔

راولپنڈی ٹیسٹ میں انگلینڈ کی جارحانہ بیٹنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے کہا کہ پچ پر گھاس سے کچھ نہیں ہوتا ہے، پہلے باؤنس ڈیفائن کرنا ہوتا ہے، گھاس آپٹک کے حساب سے بڑی اچھی لگتی ہے لیکن اس کا اثر نہیں پڑتا، اس لیے یہ سمجھنا ہے کہ ہمیں باؤنس پیدا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بغیر گھاس کے بھی باؤنس ہوتا ہے، بہت ساری آسٹریلین پچز پر ایسا ہوتا ہے، وہاں اتنی گھاس نہیں ہوتی ہے، ہمیں اپنی باؤلنگ کے حساب سے تیاری کرنی ہے، آدھا تیتر آدھا بٹیر ہوتا ہے جو ہمیں نہیں چاہیے۔

متعلقہ تحاریر