پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کا کوئی خطرہ نہیں، عائشہ غوث پاشا
وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ ملک میں مالیاتی ایمرجنسی نہیں لگ رہی، حکومتی سطح پر مالیاتی ایمرجنسی کی کوئی بات نہیں ہو رہی۔

وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کا کوئی خطرہ نہیں ہے ، جب حکومت سنبھالی تھی تو ڈیفالٹ کا خطرہ موجود تھا۔ دوسری جانب وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے ملک میں معاشی ایمرجنسی لگنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا کا کہنا تھا پاکستان نے سکوک بانڈز کی بروقت ادائیگیاں کر دی ہیں، یہ اس بات کو ثبوت ہے کہ پاکستان کو ڈیفالٹ کا کوئی خطرہ نہیں، پاکستان آئی ایم ایف پروگرام مکمل کرنا چاہتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
عمران اور چوہدری پرویز مدمقابل: پی ٹی آئی کی “الیکشن کراؤ ملک بچاؤ” ریلیوں کا آغاز
عمران خان کے الزامات پر جنرل (ر) قمر باجوہ کا وضاحتی بیان بزبان منصور علی خان
عائشہ غوث پاشا کا کہنا تھا جب حکومت سنبھالی تھی تو اس وقت ڈیفالٹ کا خطرہ موجود تھا، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان آن لائن بات چیت جاری ہے، باہمی معاہدوں کے تحت قرضوں کی ادائیگی رول اوور کی جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دیگر قرضوں کی ادائیگی کیلئے بھی انتظامات کیئے جارہے ہیں. سیلاب سے بحالی اور تعمیر نو کیلئے 16 ارب ڈالر درکار ہیں، سیلاب کے بعد بحالی و تعمیر نو میں کئی سال کا عرصہ لگے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اگلی قسط اس وقت ملے گی جب آئی ایم ایف بورڈ منظوری دے گا، عالمی بینک، اے ڈی بی سمیت دیگر اداروں سے بھی بات چیت جاری ہے۔
وزیر مملکت عائشہ غوث پاشا کا کہنا تھا کہ معاشی محاذ پر سب ٹھیک نہیں، پریشانی ضرور ہے، ایسا بحران نہیں کہ کوئی گڑ بڑھ ہونے جارہی ہے، ہمارے پاس وسائل ہیں، قرضے بروقت واپس ادا کریں گے، روس سے سستے تیل کی خریداری کیلئے بات کر رہے ہیں۔
دوسری جانب وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ملک میں مالیاتی ایمرجنسی نہیں لگ رہی، حکومتی سطح پر مالیاتی ایمرجنسی کی کوئی بات نہیں ہو رہی۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان نے حال ہی میں ایک ارب ڈالر سکوک بانڈز کی مد میں ادا کیے ، ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ پاکستان نے ماضی میں کبھی ڈیفالٹ نہیں کیا، زرمبادلہ کے وافر ذخائر موجود ہیں۔









