صبا فیصل اور بہو کو گھر کا جھگڑا سربازار لانے پر تنقید کا سامنا
سینئر اداکارہ نے وڈیو میں بہو نیہا کا نام لیکر اسے گھر میں فساد کا ذمے دار قرار دیا، نیہا نے جوابی حملے میں ساس کا نام لیے بغیر انہیں حرام کے مزے لینے کا طعنہ دے مارا، سوشل میڈیا صارفین کی دونوں پر کڑی تنقید

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئراداکارہ صبا فیصل اپنا خاندانی تنازع سوشل میڈیا پر لے آئیں اور اپنے بیٹےاور بہو سے قطع تعلق کا اعلان کردیا۔
گھریلو معاملات کو سوشل میڈیا کی زینت بنانے پر سینئر اداکارہ کو سوشل میڈیا کی تنقید کا سامنا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
اداکارہ صبا فیصل نےکمر توڑ مہنگائی کیخلاف احتجاج کی کال دیدی
اشنا شاہ اور صبا فیصل کیا انڈین فلم میں جلوہ گر ہوں گی؟
انسٹاگرام پر اپنے گھریلو معاملات کے حوالے پوسٹ کی گئی ویڈیو میں صبا فیصل نے مداحوں کو بتایا ہے کہ وہ اپنے بیٹے سلمان اور بہو نیہا سے تعلق ختم کر چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ‘میں نے اپنے گھر کے نجی معاملات کا یوں کبھی تذکرہ نہیں کیا لیکن اب مجبوراً کرنا پڑ رہا ہے، لوگ مجھے نیہا کی سوشل میڈیا پوسٹس پر گالیاں دے رہے ہیں ،میں نے بہت ہی خوبصورت زندگی گزاری ہے’۔
View this post on Instagram
اداکارہ نے کہا ’جب کسی خاندان میں نیہا جیسی منفی عورت آجاتی ہے تو گھر ٹوٹتے ہیں، میں پچھلے چار سال سے بیٹے کی وجہ سے بہت مشکل زندگی گزار رہی ہوں، میں یہ ہی سوچتی رہی کہ بیٹا ایسی عورت کے ساتھ کیسے زندگی گزارے گا، میں زیادہ تفصیل میں نہیں جاؤں گی لیکن آپ لوگ اس ویڈیو سے اندازہ لگاسکتے ہیں‘۔
انہوں نے کہا ’بس اتنا کہوں گی کہ میرا نیہا سے کوئی تعلق واسطہ نہیں ہے، بیٹے نے اسی کے ساتھ رہنا ہے اس لیے اس سے بھی میرا، میری بیٹی اور شوہر کا بھی کوئی تعلق نہیں ہے‘۔
صبا فیصل نے کہا کہ ’بہت سے سوشل میڈیا پیجز نے نیہا کی پوسٹس شیئر کیں جس میں مجھے گالیاں پڑ رہی ہیں لیکن میں اور میری بیٹی سعدیہ اسی لیے خاموش رہے کہ ہم کچھ بھی بولتے ہیں تو بات وائرل ہوجاتی ہے‘۔
اداکارہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’اگر میں باتوں کی گہرائی میں گئی تو لوگ تھو تھو کریں گے، اسی لیے میں صرف یہ ہی کہہ رہی ہوں کہ میرا سلمان اور نیہا سے کوئی تعلق نہیں ہے‘۔
View this post on Instagram
صبافیصل نے ایک اور وڈیومیں اپنا ساتھ دینے والوں کا شکریہ اداکر تے ہوئے کہا کہ’ یہ رشتے ہار جیت سے نہیں بنتے، یہ دلوں کے رشتے ہوتے ہیں جو دلوں سے بنتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں بہت تبصرے پڑھ چکی ہوں ، ایک ماں کا دل ہے اورمیں چاہتی ہوں کہ اب آپ لوگ اور تبصرےنہ کریں۔ انہوں نے کہاکہ میں چاہتی ہوں کہ نہ آپ انہیں(بیٹے اور بہو) گندہ کریں اور نہ میرے لیے ججمنٹل ہوں‘۔
بہو کیخلاف محاذ کھولنے کی وجہ بتاتے ہوئے اداکارہ نے کہاکہ’یہ بات میں نے اس لیے شیئر کی کہ یہ بات 4 سال سے چل رہی تھی،جس پر میں کبھی جواب نہیں دے سکی کیونکہ میں نے خود پرجبر اور برداشت کرکے اپنی عزت،دولت،شہرت کی قیمت ادا کی تھی،اللہ تعالیٰ ہم فنکاروں کے اس تاریک رُخ کو بھی آپ سب دیکھنے اور سننے والوں کو محسوس کرنے کی توفیق دے،ہم پیسہ ،دولت،عزت اور شہرت کمارہے ہیں لیکن اس کے بدلے میں ہمیں بہت کچھ ادا کرنا پڑتا ہے‘۔
سینئر اداکارہ سے شوبزستاروں حرا مانی، عشنا شاہ،زینب قیوم اور دیگر نے اظہار یکجہتی کیا ہے تاہم انسٹاگرام صارفین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ایک صارف نے تمام صورتحال کا ذمے دار صبا فیصل اور ان کی تربیت کو قرار دیا۔ایک صارف نے مشورہ دیا کہ بہو بیٹے کا گھر پیار محبت سے بسنے دیں ، آخرکا ر وہ بھی کسی کی بیٹی ہے۔
ایک صارف نے لکھاکہ جب بہو بیٹاخوش ہیں تو آپ کو کیا مسئلہ ہے؟ایک صارف نے لکھاکہ آپ دونوں ہی غلط ہیں، وہ جان بوجھ کر ایسی چیزیں پوسٹ کرتی ہے تو آپ بھی عقل مندی کا ثبوت دیتیں، گھر کے مسئلے گھر میں رہنے دینے چاہئیں کیونکہ لوگ صرف مزے لیتے ہیں۔ایک صارف نے لکھا کہ بیٹی خوش رہے تو ٹھیک، بیٹا بہو نہ رہے۔
دوسری جانب بہو نیہا نے بھی نام لیے بغیر اداکارہ صبا فیصل کو تنقید کانشانہ بنایا ہے اور ان کے پیشے کو حرام قراردیا ہے جس پر صارفین نے انہیں بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔نیہا نے لکھاکہ کبھی اپنی زندگی کا حرام کے مزے اڑانے والوں سے تقابل مت کریں۔
View this post on Instagram
انہوں نے لکھاکہ ہوسکتا ہے کہ وہ آپ سے زیادہ کامیاب نظر آتے ہوں یا آپ سے زیادہ مزے کررہے ہوں لیکن اللہ کے نذدیک ان کی کوئی حیثیت نہیں اور یہی چیز معنی رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید لکھاکہ ہمیشہ سیدھی راہ پر ثابت قدم رہیں چاہیے کتنی ہی مشکل کیوں نہ ہوحتیٰ کہ آپ کو ایسا بھی لگے کہ آپ ہر چیزمیں مس فٹ ہیں، کسی بھی طرح کی حرام چیز کا مقابلہ کرنے کے لئے کافی مضبوط رہیں۔
نیہا کی طنزیہ پوسٹ پر صارفین نے انہیں بھی آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ایک صارف نے لکھاکہ شادی سے پہلے بھی آپ کو پتہ تھا کہ اس خاندان کا شوبز سے تعلق ہے ، اس وقت حلال ، حرام کا نہیں پتہ تھا؟ آپ اتنی مذہبی تھیں تو کسی مذہبی خاندان میں شادی کرتیں۔
ایک صارف نے لکھاکہ اگر وہ دوسروں کو پرکھ رہی ہے تو میک اپ، ننگا سر، بغیر آستین کے کپڑے یہ سب بھی حرام ہے! دوسروں کو پرکھنے کے بجائے صرف اپنی اصلاح کرنی چاہیے۔
دوسروں کا فیصلہ کرنے والی نیہا کون ہوتی ہے، حرام و حلال کا فیصلہ اللہ کوکرنے دیں ! مجھے افسوس ہے کہ وہ اپنے بڑوں کا احترام کرنا نہیں جانتی۔









