ٹائم میگزین نے ایرانی خواتین کو ہیروز آف دی ایئر قرار دے دیا
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی ہمشیرہ بدری حسینی خامنہ ای نے حکومت مخالف احتجاج کی حمایت کردی، پاسدران انقلاب سے ہتھیار ڈال کر مظاہرین کا ساتھ دینے کی اپیل

امریکا کےٹائم میگزین نے ایران کی قدامت پسند حکومت کے خلاف بغاوت کا علم بلند کرنے والی ایرانی خواتین کو ہیروز آف دی ایئر 2022قراردے دیا۔
دوسری جانب ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی ہمشیرہ بدری حسینی خامنہ ای نے حکومت مخالف احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے ایرانی پاسدران انقلاب سے ہتھیار ڈال کر مظاہرین کا ساتھ دینے کی اپیل کردی۔
یہ بھی پڑھیے
خامنہ ای کی بھانجی ایرانی عوام کو بغاوت پر اکسانے کے الزام میں گرفتار
ایرانی مظاہرین نے امام خمینی کی جائے ولادت کو نذرآتش کردیا
امریکی میگزین نے حکومت کیخلاف کمربستہ ایرانی خواتین کو ہیروز آف دی ایئر، تعلیم یافتہ، سیکولر، لبرل قرار دیا ہے جو نوجوان کرد مہاسا امینی کی موت کے بعد سڑکوں پر نکل آئیں اور کہا کہ وہ کچھ بھی کہنے اور پہننے کا حق رکھتی ہیں۔
سابق کالم نگار آزادی مواوینی نے ایک خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ایران میں ماضی کے مظاہروں میں خواتین کے کردار کے بارے میں لکھا ہے جو موجودہ تحریک میں اور بڑھ کر سامنے آیا ہے۔
خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایرانی خواتین کی متعدد تصاویر کا ذکر کیا گیا ہے۔ شیما نامی خاتون کی تصویر کے کیپشن میں لکھا ہے کہ ’’مجھے اپنے آپ پر اور اپنے ملک کی خواتین پر فخر ہے جو دنیا کے کسی بھی مرد سے زیادہ بہادری سے اپنے حقوق کے لیے کھڑی ہوئی ہیں‘‘۔
مواوینی کا کہنا ہے کہ”جب ایک نسل کی آزادی کی تمنائیں دانستہ طور پر پہنچتی ہیں، تو باقی پابندیاں اتنی ہی ذلت آمیز لگتی ہیں، اور مزاحمت کا آخری مرحلہ اتنا ہی کم خوفناک لگتا ہے“۔
اس تحریر میں کہا گیا ہے کہ ایک اندازے کے مطابق 400 ایرانی مظاہرین سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں مارے جا چکے ہیں، انٹرنیٹ پرپابندی کے باوجودزیر حراست ہلاکتوں اور بدسلوکی کی اطلاعات سامنے آتی رہتی ہیں۔ تقریباً تین ماہ گزرنے کے بعد کالج کے کیمپس میں احتجاج تھمنے کا نام نہیں لے رہا“۔
مواوینی نے یہ بھی کہا کہ ایران میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ عام سا نظر آ سکتا ہے لیکن یہ مختلف ہے کیونکہ آج سبھی کی خواہشات”خواتین، زندگی، آزادی“ کے نعروں میں گونج رہی ہیں، یہ حقوق نسواں کی ایک ایسی بغاوت ہے جس میں پورے معاشرے کی مختلف شکایات ہیں۔
دوسری جانب ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی بہن بدری حسینی خامنہ ای کے فرانس میں مقیم بیٹےنے سوشل میڈیا پر والدہ کاایک خط جاری کیا ہے جس میں انہوں نے حکومت مخالف احتجاج کی حمایت کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اپنے بھائی کے اقدامات کی مخالفت کرتی ہوں اور خمینی دور سے لیکر اب تک مرنے والوں کی ماؤں سے ہمدردی کا اظہار کرتی ہوں۔
ان کا کہنا تھاکہ میں پاسدران انقلاب اور کرائے کے فوجیوں سے کہتی ہوں کہ جتنی جلدی ہوسکے اسحلہ پھینک کر عوام سے مل جائیں، اس سے پہلے کہ کہیں دیر نہ ہوجائے۔









