ملتان ٹیسٹ میں پاکستان کو شکست، سیریز میں انگلینڈ کو فیصلہ کن برتری حاصل

ملتان ٹیسٹ کے چوتھے دن انگلش کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو 328 رنز پر آؤٹ کرکے 26 رنز کے فرق سے میچ اپنے نام کرلیا۔

انگلینڈ نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 26 رنز سے شکست دے کر سیریز دو صفر سے اپنے نام کرلی ، انگلش ٹیم نے پاکستان کو جیت کے لیے 355 رنز کا ہدف دیا تھا تاہم ہدف کے تعاقب میں قومی کرکٹ ٹیم 328 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ہیری بروک میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

پاکستان کی جانب سے سعود شکیل نے سب سے زیادہ 94 رنز بنائے جبکہ امام الحق نے 60 رنز کی اننگز کھیلی۔

مارک ووڈ نے انگلینڈ کی جانب سے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 65 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ 2000-2001 کے بعد انگلینڈ نے پاکستان کی سرزمین پر سیریز جیتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کھیلوں کے فروغ سے بہترین معاشرے تشکیل پاتے ہیں، قبائلی رہنما محمد اسلم ترین

طلاق کی افواہوں کےبعد شعیب ملک نے ثانیہ مرزا کیساتھ پہلی وڈیوپوسٹ کردی

دلچسپ بات یہ ہے کہ انگلینڈ نے 1961 سے 2022 کے درمیان گزشتہ 61 سالوں میں پاکستان میں صرف 2 ٹیسٹ جیتے تھے، مگر اب ایک ہفتے کے فرق سے مزید دو ٹیسٹ میچ جیت لیے ہیں۔

انگلش ٹیم نے بین اسٹوکس اور برینڈن میک کولم کی قیادت میں گذشتہ 9 میچز میں سے 8 میں فتح حاصل کی ہے۔ صرف جنوبی افریقہ ہی انہیں شکست دینے میں کامیاب رہا تھا جبکہ بھارت اور پاکستان دونوں اب تک کوئی کامیابی حاصل کرنے میں ناکام ہیں۔

چوتھے دن پاکستان نے اپنی نامکمل اننگ 198 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی ، تاہم فہیم اشرف اپنے گذشتہ روز کے اسکور میں 7 رنز کا اضافہ کرکے کیچ آؤٹ ہو گئے۔

سعود شکیل اور محمد نواز نے پراعتماد طریقے سے کھیلتے ہوئے اسکور کو 290 رنز پر پہنچایا ، اس موقع پر محمد نواز 45 رنز بنا کر اولی پوپ کے ہاتھوں کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔

290 پر پاکستان کی 6 وکٹ گری جبکہ 291 پر سعود شکیل بھی ایک غلط شارٹ کھیلتے ہوئے آؤٹ ہو گئے۔ سعود شکیل نے 213 گیندوں کا سامنا کیا اور 94 رنز اسکور بنائے۔ ابرار احمد اور زاہد محمود بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ اس طرح پاکستان کی پوری ٹیم 328 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

دوسری جانب کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان اب ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کی دوڑ سے تقریباً باہر ہو چکا ہے۔

انگلینڈ ٹیم کی جانب سے سب سے کامیاب باؤلر مارک ووڈ رہے جنہوں نے 65 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اولی روبنسن اور جیمز اینڈرسن نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ جیک لیچ اور جوئے روٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

میچ کی اہم بات

پاکستان کی ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے اسپن باؤلر ابرار احمد 11 وکٹوں کے ساتھ نمایاں باؤلر کے طور پر سامنے آئے ہیں ، انہوں نے پہلے اننگز میں انگلینڈ کے 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی جبکہ دوسری اننگز میں بھی 4 وکٹیں حاصل کرکے تمام کرکٹ پنڈتوں کی نظریں اپنی جانب مبذول کرالی ہیں۔

پاکستان کا اسکواڈ

کپتان بابراعظم، امام الحق، عبداللہ شفیق، سعود شکیل، محمد رضوان، آغا سلمان، محمد نواز، فہیم اشرف، زاہد محمود، ابرار احمد اور محمد علی شامل ہیں۔

انگلینڈ کا اسکواڈ

کپتان بین اسٹوکس، زیک کرولی، بین ڈکٹ، اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، ول جیکس، اولی رابنسن، جیک لیچ، مارک ووڈ اور جیمز اینڈرسن شامل ہیں۔

متعلقہ تحاریر