ایشیائی ترقیاتی بینک سیلاب سے بحالی کیلیے 55 کروڑ 40 لاکھ ڈالر قرض دیگا
پیکیج میں 47 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کا قرضہ، 30 لاکھ ڈالر کی تکنیکی امداد کی گرانٹ اور حکومت جاپان کی جانب سے50 لاکھ کی گرانٹ شامل ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک نے رواں سال آنے والے تباہ کن سیلاب سے بحالی کیلیے پاکستان کو 55 کروڑ40 لاکھ ڈالرقرض دینے کی منظوری دے دی۔
اے ڈی بی کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کیلئے منظور کیے جانے والے پیکیج میں نئے اور دوبارہ مختص کیے گئے فنڈز شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
بینکوں میں ڈالرز ناپید، امپورٹرز اور تاجر حیران و پریشان
ایشیائی ترقیاتی بینک سیلاب سے متاثرہ ٹرانسمیشن لائن کی بحالی کیلیے189ملین ڈالر دیگا
اے ڈی بی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ رواں برس تباہ کن سیلاب کے بعد پاکستان میں بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں میں مدد اور موسمیاتی تغیر کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے 55 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کے مالیاتی پیکیج کی منظوری دی گئی ہے۔
پاکستان کے لیے منظور کیے جانے والے مالیاتی پیکیج میں سیلاب سے نمٹنے کی کوششوں میں مدد کے لیے موجودہ قرضوں سے 7 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی اضافی رقم بھی شامل ہے جو کہ سیلاب سے متاثرہ صوبوں بلوچستان، خیبرپختونخوا اور سندھ میں فارم واٹر مینجمنٹ اور ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو پر خرچ کی جائے گی۔
پیکیج میں 47 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کا قرضہ، 30 لاکھ ڈالر کی تکنیکی امداد کی گرانٹ اور حکومت جاپان کی جانب سے50 لاکھ کی گرانٹ شامل ہے۔
اعلامیےکے مطابق حکومت پاکستان اور ترقیاتی شراکت داروں نے ان قدرتی آفات کے بعد کی ضرورتوں کا تخمینہ لگایا ہے، جس کے تحت کل نقصان اور نقصانات کا تخمینہ 30 ارب ڈالر سے زیادہ ہے جب کہ بحالی اور تعمیر نو پر 16.3 ارب ڈالر کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
اے ڈی بی نے بتایا کہ پاکستان کو دیے جانے والے قرض سے تقریباً 400 سڑکوں کی تعمیر نو کی جائے گی، جس میں ملک کی مصروف ترین قومی شاہراہ این فائیو کا تقریباً 85 کلو میٹر اور تقریباً 30 پل شامل ہیں۔