پرویز الہیٰ وزارت اعلیٰ کے لیے پی ڈی ایم کے امیدوار ہوسکتے ہیں، مونس الہیٰ کا ‘ایبسولوٹلی ناٹ’

گذشتہ روز صحافیوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا یہ ممکنات کا کھیل ہے کچھ بھی ہوسکتا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سرکردہ رہنما اور سابق وفاقی وزیر چوہدری مونس الہیٰ نے اس امکان پر قعطی پر رد کردیا ہے کہ ان کے والد چوہدری پرویز الہیٰ پی ڈی ایم کی جانب سے پنجاب کے وزیراعلیٰ ہوسکتے ہیں۔

معروف صحافی احتشام الحق کے ٹوئٹ پر ری ٹوئٹ کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر لکھا ہے کہ "کوئی دلچسپی نہیں!! یہ قعطی ناممکن ہے۔”

صحافی احتشام الحق نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر لکھا تھا کہ "پی ڈی ایم چوہدری پرویز الہیٰ کو وزارت اعلیٰ کی نشست کی آفر دے سکتی ہے۔”

گذشتہ روز پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہیٰ ، اسپیکر سردار سبطین خان اور ڈپٹی اسپیکر واثق قیوم عباسی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ آئین میں ایسی کوئی قدغن نہیں ہے کہ اسمبلی سیشن جاری ہو تو تحریک عدم اعتماد جمع نہیں کرائی جاسکتی۔

یہ بھی پڑھیے

پنجاب اسمبلی کی تحلیل کا معاملہ: وزیراعلیٰ تحریک عدم اعتماد اور اعتماد کے ووٹ میں پھنس گئے

عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ کسی فرد واحد کو حق نہیں کہ کسی کے مینڈیٹ کو وقت سے پہلے ختم کرے۔

اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ کیا پرویز الہیٰ پی ڈی ایم کے وزیراعلیٰ ہوسکتے ہیں۔؟

سوال کا جواب دیتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا سیاست ممکنات کا کھیل ، یہاں کچھ بھی ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد جمع پر ردعمل دیتے ہوئے رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ” عدم اعتماد اور اعتماد کے ووٹ کا مقصد الیکشنوں سے فرار ہے، کل تک رانا ثناء اللہ اور احسن اقبال کہہ رہے تھے اسمبلی تحلیل کرو الیکشن میں جائیں گے آج جوتے چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں لیکن ہم بھاگنے نہیں دیں گے۔”

فواد چوہدری نے مزید لکھا ہے کہ "عدم اعتماد ناکام ہوگی اور پرویز الہیٰ اسمبلی تحلیل کریں گے عوام کا فیصلہ ہی حتمی ہے۔”

متعلقہ تحاریر