فیصل واوڈا نے عمران خان اور عام انتخابات سے متعلق بڑی پیشگوئی کردی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما فیصل واوڈا نے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان، عام انتخابات اور ڈیفالٹ کے خطرات سے متعلق نئی پیشگوئیاں کی ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما اور سابق سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ اگر ہم قانونی بنیادوں پر بات کریں تو پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کی نااہلی 99.99 فیصد پکی ہے۔
اس بات کا دعویٰ فیصل واوڈا نے جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ، تاہم ایڈووکیٹ شعیب شاہین نے فیصل واوڈا کے دعویٰ کے جواب میں کہا کہ انہیں ایسا کچھ نظر نہیں آرہا ہے۔
پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کوئی معجزہ ہو جائے تو کچھ کہا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اسمبلی تحلیل کرنے پر اصرار کیا تو پنجاب حکومت میں اپنی سیاسی مضبوطی بھی ختم ہو جائے گی۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی اعتماد کا ووٹ نہیں لیں گے اور پنجاب اسمبلی تحلیل ہونے کا کوئی بھی امکان نہیں ہے۔
عام انتخابات کے حوالے سے انہوں نے پیش گوئی کی کہ سیاسی پرامن رہنے کی صورت میں عام انتخابات اکتوبر میں ہوں گے، بصورت دیگر کم از کم چھ ماہ سے ایک سال تک تاخیر کا شکار ہو سکتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ آئین عام انتخابات میں تاخیر کی اجازت دیتا ہے۔ اس پر پروگرام کے میزبان حامد میر نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا انتخابات میں تاخیر کرنا آئینی اقدام ہے؟ واوڈا نے جواب دیا کہ معاشی ایمرجنسی میں انتخابات ملتوی ہوسکتے ہیں۔
پروگرام کے میزبان حامد میر نے فیصل واوڈا سے سوال کیا کہ کیا پاکستان سیلاب متاثر کے لیے اعلان کردہ 10 ارب ڈالر آنے سے ڈیفالٹ کے خطرات ختم ہو جائیں گے یا نہیں۔؟ اس پر فیصل واوڈا نے جواب دیا کہ پاکستان کبھی بھی ڈیفالٹ نہیں کرے گا حتیٰ کہ تحریک انصاف کے دور میں بھی نہیں ہوا تھا جب معاشی حالات بہت زیادہ خراب تھے ، کیونکہ فوج ملکی استحکام کے لیے ڈالر لے آئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ فوج ملک میں پہلے بھی سرمایہ کاری لائی تھی اور وہ دوبارہ بھی کرے گی۔
حامد میر نے سوال کیا کہ کیا یہ توقعات درست ہیں کہ چیف آف آرمی سٹاف (سی او اے ایس) عاصم منیر پاکستان میں سرمایہ کاری اور مالی امداد لانے کے لیے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا دورہ کر رہے ہیں، جس پر فیصل واوڈا نے تصدیق کی کہ آرمی چیف اسی مقصد کے لیے گئے ہیں۔