وزیراعظم کے صاحبزادے سلیمان شہباز نے مفتاح اسماعیل کو جوکر کہہ ڈالا

وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شریف نے کہا کہ پاکستان کے آخری تین وزرائے خزانہ جوکر تھے، جنہوں نے سرکس کا شو لگا یا ہوا تھا، تینوں ملک کے لیے بارودی سرنگیں بچھا کر گئے ہیں مگر اسحاق ڈار معیشت بچارہے ہیں

وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شریف نے اپنی پارٹی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سمیت آخری تینوں وزرائے خزانہ کو جوکر قرار دے دیا ہے ۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے  سلیمان شریف نے کہا کہ پاکستان کے آخری تین وزرائے خزانہ جوکر تھے ۔

یہ بھی پڑھیے

مفتاح اسماعیل نے اسحاق ڈار کے خلاف بیان پر یوٹرن لے لیا

سلیمان شہباز شریف نے الزام عائد کیا کہ پاکستان کے تینوں آخری وزرائے خزانہ نے ملک میں صرف  جوکروں کا سرکس لگایا ہوا تھا تاہم معیشت اسحاق ڈار نے بچائی ہے ۔

سلیمان شہبازنے اسحاق ڈارکو بہترین وزیر خزانہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکلات بہت بڑی ہیں مگر اسحاق ڈار اپنی محنت و عزم سے  بہترین انداز میں کام کررہے ہیں۔

سلیمان شہباز شریف نے اسحاق ڈار کو کریڈٹ دیتےہوئے کہا کہ انہوں نے 1998 میں ایٹمی دھماکوں کے بعد  پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا تھا ۔

سلیمان شہباز شریف نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں نہ صرف تحریک انصاف دور حکومت کے آخری دو وزرائے خزانہ کو جوکر قرار دیا بلکہ اپنی  پارٹی رہنما کو بھی جوکر کہہ ڈالا ۔

سلیمان شہباز نے ڈاکٹر حفیظ شیخ، شوکت ترین اور مفتاح اسماعیل جوکر کہتے ہوئے کہا کہ آخری تینوں وزرائے خزانہ نے بارودی سرنگیں بچھا دی تھیں۔

یہ بھی پڑھیے

لیگی رہنما مفتاح اسماعیل نے ملک کے دیوالیہ ہونے کے خطرات کا انکشاف کردیا

یاد رہے کہ نون لیگ کے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل پہلے ہی الزام عائد کرچکے ہیں کہ اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ نواز شریف کا سمدھی ہونے کی وجہ سے لگایا گیا ہے ۔

مفتاح اسماعیل نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اسحاق ڈار میرے خلاف ٹی وی چینلز پر بیٹھ پر باتیں کرتے تھے تاکہ مجھے نکال کر انہیں وزارت خزانہ سونپی جائے ۔

متعلقہ تحاریر