پاک ایران چکاب سیکٹر پر دہشتگردوں کی فائرنگ، 4 جوان شہید

ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جوان پاک ایرانی سرحدی علاقے میں معمول کے گشت پر تھے جب سرحد پار سے فائرنگ کی گئی۔

بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے چکاب سیکٹر پر ایرانی سرحد سے دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے چار جوان شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع پنجگور کے پاک ایران سرحد علاقے میں ایرانی سرحد کے پار سے دہشتگردوں نے سیکورٹی فورسز کے چکاب سیکٹر نشانہ بنایا ، جس کے نتیجے میں 4 جوان شہید ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیے

سیکورٹی فورسز کا ہوشاب اور تلسر میں آپریشن، 4 دہشتگرد ہلاک

پشاور: سربند پولیس اسٹیشن پر دہشتگردوں کا حملہ، ڈی ایس پی سمیت تین پولیس جوان شہید

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردں نے پاک ایران سرحد پر گشت کرنے والے فوجی جوانوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں جوان شہید ہو گئے۔

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق حملے کے بعد دہشتگرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ تاہم ایرانی حکام سے دہشتگردوں کے خلاف موثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایران سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین سے دہشت گردانہ کارروائیاں روکنے اور دہشت گردوں کی سرکوبی کے لیے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کرے۔

واضح رہے کہ آج صبح سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے ہوشاب اور تلسر میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا ، جس کے نتیجے میں چار دہشتگرد مارے گئے۔

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشتگردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ بم بھی برآمد ہوئے ہیں۔

متعلقہ تحاریر