وزیر مملکت برائے خزانہ نے منی بجٹ لانے کی تصدیق کردی
عائشہ غوث پاشا کا کہنا ہے حکومت آئی ایم ایف پروگرام کی جلد بحالی چاہتی ہے اور اس کے لیے مشکل فیصلے کرنا ہوں گے، آئی ایم ایف پروگرام میں مزید تاخیر کرنا نہیں چاہتے۔
وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے منی بجٹ کی تصدیق کردی ، انہوں نے کہا ہے کہ منی بجٹ میں غریب عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے گا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ آئی ایم ایف سے قرض پروگرام کی بحالی کے لیے ٹیکس آمدن بڑھانا ہوگی اور اس کے لیے آئندہ چند دنوں میں اہم فیصلے کیے جائیں گے، جس میں کوشش کی جائے گی کہ غریب عوام پر کم سے کم بوجھ پڑے ۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ایماء پر حکومت کو سخت فیصلے کرنے ہونگے۔ عائشہ پاشا نے کہا کہ ملکی معیشت کی بحالی کیلئے آئی ایم ایف پروگرام ناگزیر ہے، حکومت آئی ایم ایف پروگرام کی جلد بحالی چاہتی ہے اور اس کے لیے مشکل فیصلے کرنا ہوں گے، آئی ایم ایف پروگرام میں مزید تاخیر کرنا نہیں چاہتے۔
عائشہ غوث پاشا کا کہنا تھا کہ حکومت کی خواہش ہے عام آدمی پر زیادہ بوجھ نہ پڑے۔ وزیر اعظم شہباز شریف چاہتے ہیں کہ حکومت ایسی کوشش کرے کہ ٹیکس آمدن بڑھنے کا بوجھ صاحب ثروت لوگوں پر زیادہ ڈالا جائے۔
عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ آئی ایم ایف کے بہت سے تحفظات دور کر دیئے گئے ہیں ، آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے سے آج بھی اجلاس ہوگا، آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کیلئے سخت فیصلے کرنے پڑیں گے، تمام طبقوں کو بوجھ برداشت کرنا پڑے گا۔
وزیر مملکت خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے آرڈیننس میں ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا کتنا ٹیکس لگایا جائے گا، تاہم کوشش ہوگی کہ غریب عوام کو اس سے محفوظ رکھا جائے۔









