سربراہ پاک فضائیہ سے کمانڈر امریکی ایئر فورسز سینٹرل کمانڈ کی ملاقات

ملاقات میں دونوں جانب سے تربیت اور آپریشنل شعبوں سمیت دو طرفہ عسکری تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

نائنتھ ایئر فورس (امریکی ایئر فورس سینٹرل کمانڈ) کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل الیکسس گرینکیوچ نے سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔

ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال سمیت دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل الیکسس گرینکیوچ نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور خود انحصاری کے میدان میں کی گئی غیر معمولی پیش رفت کو سراہا۔

انہوں نے علاقائی امن کے فروغ میں پاکستان کی کوششوں کی بھی تعریف کی اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

امریکی کمانڈر نے گزشتہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کے دوران جانی نقصان پر پاکستان کی عوام سے تعزیت کی اور سیلاب زدگان کی امداد و بحالی کے عمل میں پاک فضائیہ کی کوششوں کو سراہا۔

سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان خوش گوار تعلقات قائم ہیں۔ دونوں نے تزویراتی شراکت داروں کے مابین پہلے سے موجود دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

سربراہ پاک فضائیہ نے سیکیورٹی اور جیو پولیٹیکل چیلنجز سے نمٹنے کے لیئے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے اپنے وژن کا بھی ذکر کیا۔

ائیر چیف نے مزید کہا کہ "پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور میں ہم آہنگی پر مبنی ہیں”۔

ملاقات میں دونوں جانب سے تربیت اور آپریشنل شعبوں سمیت دو طرفہ عسکری تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

متعلقہ تحاریر