شاہ رخ خان کی فلم پٹھان آج ریلیز کیلیے تیار، پہلے روز ریکارڈ 56 کروڑ کا بزنس متوقع
فلم بھارت سمیت دنیا بھر میں 8ہزار سنیماز میں دکھائی جائے گی، پہلے شو کیلیے 300 اسکرینز کا اضافہ، شاہ رخ کا سنگل اسکرین سنیماز کیلیے نیک خواہشات کااظہار، سچ کہوں تو کبھی کسی فلم کیلیے اتنی پرجوش نہیں ہوئی،عالیہ بھٹ:بہار میں انتہاپسندوں کی سنیماز جلانے کی دھمکی
بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان اپنی ایکشن سے بھرپور فلم” پٹھان“ کے ذریعے آج 4 سال بعد بڑی اسکرین پر واپسی کیلیے تیار ہیں۔بھارت میں26جنوری کو یوم جمہوریہ کی عام تعطیل کے سبب فلم کو آج ریلیز کیاجارہا ہے۔
سدھارتھ آنند کی فلم پٹھا ن میں دیپیکا پڈوکون ، جان ابراہم بھی مرکزی کرداراداکررہے ہیں جبکہ ڈمپل کپاڈیہ اور آشوتوش رانا بھی معاون کردارنبھارہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
شاہ رخ خان کی فلم پٹھان یش راج فلمز کی جاسوسی سیریز کا ایک حصہ ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق توقع ہے کہ فلم میں سلمان خان مہمان اداکار کے طور پر جلوہ گر ہوں گےکیونکہ شاہ رخ نے پہلے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ دونوں اداکاروں نے سدھارتھ آنند کی فلم کے لیے ایک ساتھ شوٹنگ کی۔
View this post on Instagram
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ دیکھنا ابھی باقی ہے کہ کیا ہریتھک روشن بھی فلم میں مختصرکردار نبھاتے نظر آئیں گے کیوں کہ ان کی فلم وار کا تعلق بھی اسی سلسلے سے ہے جس کا ٹائیگر اور پٹھان حصہ ہیں ۔
فلم پٹھان میں شاہ رخ خان را کے ایجنٹ کا کردار ادا کر رہے ہیں جومختصر عرصے کے لیے چھٹی پر ہے لیکن جان ابراہم کے قوم کے لیے خطرہ بننے کے بعد ڈیوٹی پر واپس آ جاتا ہے۔
بھارتی فلم انڈسٹری کے ماہرین، کاروباری تجزیہ کاروں اور فلم بینوں نے فلم پٹھان سے بالی ووڈ کی بحالی کی امیدیں لگارکھی ہیں۔ توقع کی جارہی ہے کہ فلم پہلے روز 56 کروڑ روپے کا بزنس کرکے پچھلے تمام ریکارڈ برابر کردے گی۔
پٹھان کو دنیا بھر میں 8ہزار سنیماز میں نمائش کیلیے پیش کیاجارہا ہے جن میں 5500 بھارتی اور 2500 غیرملکی سنیماز شامل ہیں جبکہ ڈسٹری بیوٹرز نے ابتدائی شودکھانے کیلیے 300 سنیماز کا اضافہ کردیا ہے۔
شاہ رخ خان کی فلم پٹھان ملٹی پلیکسز کے ساتھ ساتھ سنگل اسکرینز پر بھی ریلیز کی جارہی ہے۔شاہ رخ خان نے پٹھان کی نمائش کرنے والے سنگل اسکرین سنیماز کی فہرست جاری کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
Bachpan mein saari filmein single screens par hi dekhi hain. Uska apna hi maza hai. Duas, Prathna aur Prayers karta hoon…aap sabko aur mujhe kaamyaabi mile. Congratulations on your re-openings. pic.twitter.com/LuF2TsCjvh
— Shah Rukh Khan (@iamsrk) January 24, 2023
شاہ رخ خان نے اپنے ٹوئٹ میں لکھاکہ”پچپن میں ساری فلمیں سنگل اسکرین پر ہی دیکھی ہیں،اسکا اپنا ہی مزہ ہے،دعائیں اور پرارتھنا کرتا ہوں کہ آپ سب کو اور مجھے کامیابی ملے،دوبارہ آباد ہونے پر آپ سب کو مبارکباد“۔شاہ رخ خان نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے بھی اپنے پرستاروں سے سنیما جاکر فلم دیکھنے کی درخواست کی ہے۔
ساتھی اداکارہ عالیہ بھٹ نے فلم پٹھان کی ریلیز کے حوالے سے جوش و خروش کا اظہارکرتے ہوئے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں کہا ہے کہ ”سچ کہوں تو کبھی کسی فلم کیلیے اتنی پرجوش نہیں ہوئی، گو پٹھان“۔
ادھربھارت میں فلم پٹھان کیخلاف انتہا پسند ہندوؤں کا احتجاج بھی جاری ہے۔منگل کو صوبہ بہار کے ضلع بھاگلپور میں انتہاپسند ہندو جماعت کے نوجوان کارکنوں نے دیپ پرابھاسنیما حال کے باہر فلم کے پوسٹر کو نذرآتش کرکے احتجاج کیا ۔مظاہرین نےنعرے لگائے کہ”فلم چلے گا،ہال چلے گا“۔