پنجاب اور خیبر پختونخوا انتخابات کا معالہ: سپریم کورٹ میں کیس کل سماعت کیلئے مقرر

ترجمان سپریم کورٹ کے مطابق کیس کی سماعت کل صبح ساڑھے گیارہ بجے ہوگی اور اس حوالے سے تمام فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے گئے ہیں۔

پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کی تاریخ میں تاخیر کے خلاف درخواستوں پر سپریم کورٹ کا بینچ کل ایک مرتبہ پھر سماعت کرے گا۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے بیان میں کہا گیا ہے کہ جسٹس امین الدین کی بینچ سے علیحدگی کے باعث نیا بینچ کل سماعت کرتے گا۔

یہ بھی پڑھیے 

عمران خان کا اپنے خلاف درج مقدمات کے اخراج کیلئے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع

اظہرمشوانی کی گمشدگی کا 8واں روز؛ لاہور ہائیکورٹ کا بازیابی کا حکم، پی ٹی آئی کا احتجاج کا اعلان

ترجمان کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان کے حکم پر کیس کل صبح ساڑھے گیارہ بجے سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جسٹس امین الدین کی معذرت کے بعد اب وہ نئے بینچ کا حصہ نہیں ہوں گے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ موجودہ چار رکنی بینچ کیس کی سماعت کرے گا یا نیا بینچ تشکیل دیا جائے گا اس کا فیصلہ کل کیا جائے گا۔

ترجمان سپریم کورٹ کے مطابق کیس کی سماعت ساڑھے گیارہ بجے ہو گی اور اس حوالے سے تمام متعلقہ فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ جمعرات کے روز جب پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت شروع ہوئی تو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ ہمارے بینچ میں شامل ایک معزز جج امین الدین کچھ کہنا چاہتے ہیں۔

جس پر جسٹس امین الدین نے کہا کہ بدھ کے روز سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ کے سربراہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے حکم جاری کیا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 184 (3) کے مزید کیسز کی سماعت نہ کی جائے۔ میں اس بینچ کا حصہ تھا اس لیے میں یہ مناسب سمجھتا ہوں کہ میں اس بینچ کا مزید حصہ نہ رہوں۔

جسٹس امین الدین کیسز کی مزید سماعت سے معذرت کرتے ہوئے بینچ سے الگ ہو گئے تھے۔ جسٹس امین الدین کے کیسز سے الگ ہونے کے بعد بینچ ٹوٹ گیا تھا۔ جس کے بعد کیس کی سماعت ملتوی کردی گئی تھی۔

واضح رہے کہ کیس کی سماعت چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس جمال خان مندوخیل ، جسٹس امین الدین ، جسٹس منیب اختر  اور جسٹس اعجاز الاحسن کا پانچ رکنی لارجر بینچ کررہا تھا۔

متعلقہ تحاریر